• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں آج صبح ٹارگٹ کلنگ کی ایک واردات میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کے مطابق شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل اللہ دتہ اور احمد علی کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق بالترتیب سندھ کے ضلع سانگڑھ اور لاڑکانہ سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کا سندھ ریزرو پولیس سے تعلق تھا، جبکہ وہ مومن آباد تھانے میں تعینات تھے اور غربی کے علاقے سعید آباد کے رہائشی کمپلیکس میں مقیم تھے۔

ایس ایچ او مومن آباد آصف منور نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ دونوں اہلکار وردی میں نہیں بلکہ سادہ کپڑوں میں ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق نوری چوک پر اسپیڈ بریکر کی وجہ سے ان کی موٹر سائیکل آہستہ ہوئی تو موٹر سائیکل پر سوار 2  ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے دونوں پولیس جوانوں پر فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کے پاس اپنے بچاؤ کیلئے کوئی ہتھیار نہیں تھا اور وہ عام شہریوں کی طرح نشانہ بنے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ دونوں پولیس اہلکار گھر سے ڈیوٹی پر تھانے آ رہے تھے کہ اورنگی ٹاؤن نمبر4 میں نوری چوک پر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے انہیں نائن ایم ایم پستول سے نشانہ بنایا۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نے ’’جنگ‘‘کو بتایا کہ جائے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول ملے ہیں ، واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہےاس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ دونوں اہلکاروں کو اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں شدید زخمی حالت میں پولیس موبائل میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں  پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی ۔

تازہ ترین