• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آغا سراج کیخلاف نیب ریفرنس قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

کراچی کی احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان ریفرنس کی سماعت پر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزم آغا سراج درانی کے وکیل راحیل نیازی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنس میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے آغا سراج درانی کو جس تاریخ کو پیش ہونےکا نوٹس دیا اس سے قبل ہی انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

راحیل نیازی ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھواس شواہد نہیں ہیں، نہ ہی ایک روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ موصول ہوئی شکایت کی تصدیق اور چیئر مین نیب کی اجازت کے بعد انکوائری شروع کی گئی، مکمل تحقیقات کے بعد چیئر مین نیب نے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ہے۔

عدالت نے ریفرنس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوط کرتے ہوئے سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل کراچی کی احتساب عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ آصف زرادری اور فریال تالپور کے خلاف جب ریفرنس آئے گا تب صورت حال واضح ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کو سب جیل قرار دینے پر اپوزیشن کا احتجاج روایتی ہے، اپوزیشن ہمیشہ ہی احتجاج کرتی ہے، کیونکہ وہ قانون سے لاعلم ہے۔

تازہ ترین