• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش،قیدیوں کی دعا قبول ہوئی، 200سال بعد ناشتے میں تبدیلی

ڈھاکہ(جنگ نیوز) بنگلہ دیش کے تعزیری نظام میں اصلاحات کے طور پر انتظامیہ نے تمام جیلوں میں 200 سالہ قدیم نو آبادیاتی دور کے ناشتے کا مینو اپ گریڈ کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جیل ڈائریکٹریٹ کے ڈپٹی ہیڈ بزل الرشید کا کہنا تھا کہ قوم کے 81 ہزار سے زائد مجرموں نے اتوار سے بہتر ناشتہ کیا جبکہ ڈبل روٹی اور شیرے کا مینو، جو 18 ویں صدی میں برطانوی سامراج نے متعارف کروایا تھا، اسے تبدیل کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نئی خوراک میں ڈبل روٹی، سبزیاں، میٹھا اور کچھڑی شامل ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل قیدیوں کو صرف 116 گرام کی ڈبل روٹی اور 14.5 گرام شیرا دیا جاتا تھا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی 60 جیلیں جو 35 ہزار قیدیوں کے لیے تعمیر کی گئی وہ بہت زیادہ بھری ہوئی ہیں اور انہیں انسانی حقوق کی تنظیمیوں کی جانب سے مسلسل تنقید کا سامنا رہتا ہے۔قیدیوں کی جانب سے اکثر جیلوں میں ملنے والے کھانے کے معیار اور مقدار سے متعلق شکایات کی جاتی ہیں۔بزل الرشید کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی حوصلہ افزائی اور بحالی میں مدد کے لیے خوراک میں تبدیلی اصلاحات کے سلسلے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آہستہ آہستہ اسے اپنانے میں مطابقت لانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ مجرمان سہولیات میں اپنے قیام کے دوران خود کی اصلاح کرسکیں۔دوسری جانب عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی ہزار قیدیوں نے ڈھاکہ کے کیرانی گنج سینٹرل جیل میں ناشتے کے نئے مینو کو سراہا اور اچھی خوراک نے سب کو خوش کردیا۔
تازہ ترین