• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے سی نوشہرہ اورنجی ٹی وی کیلئے کام کرنیوالے صحافی کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دا ئر

پشاور(نیوزرپورٹر)ضلع نوشہرہ میں واقع نیشنل کنڈ پارک کے کنٹریکٹر اورپارک میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے تین دیگر ملازمین نے اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ فضل رحیم اورنجی ٹی وی چینل کیلئے کام کرنیوالے صحافی کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ درخواست دائر کردی ۔کنڈ پارک نوشہرہ کے کنٹریکٹر اصغر خان کی جانب سے دائر رٹ درخواست میں موقف اختیارکیاگیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ فضل رحیم نے سوشل میڈیا پرچلنے والی جھوٹی خبروں کو بنیاد بناکر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی چھاپہ مارا اورکیبن ہولڈ کنڈ پارک وقاص شاہ سمیت ،منیجر چیئر لفٹ محمد جمیل اورچوکیدار لقمان علی کو حراست میں لے کر ان پر مقدمہ درج کرلیا ۔رٹ درخواست میں موقف اپنایاگیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ کے چھاپہ مارنے سے قبل نوشہرہ سے نجی ٹی وی کیلئے کام کرنیوالا نمائندہ کنڈ پارک ریسٹورنٹ آیا تھا اورانہیں مختلف طریقوں سے بلیک میل کررہاتھا جبکہ آخر میں پیسے دینے کا بھی مطالبہ کررہاتھا جس کے بعد واقعہ کو انتظامیہ کے نوٹس میں بھی لایاگیا لیکن نجی ٹی وی کے نمائندے نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلا ئی کہ پارک انتطامیہ نے گاڑی پارکنگ فیس میں خود ساختہ اضافہ کردیاہے جبکہ چئیر لفٹ کے ٹکٹ میں بھی اضافہ کردیاگیاہے حالانکہ ٹکٹوں کا تعین ٹوررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیاجاتاہے اور پارک انتظامیہ نے کوئی اضافہ نہیں کیا ہے ۔رٹ درخواست میں لکھاگیاہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اورغیرقانونی چھاپہ مارنے کیخلاف اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ اوربلیک میل کرنے پر نجی ٹی وی کیلئے کام کرنیوالے نمائندے کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔
تازہ ترین