• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں،محمد خان لہڑی

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم میر محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے لیے مخصوص سکیموں کی منظوری کے دورس نتائج برآمد ہوں گےجہاں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر میں بھی بہتری آئے گی۔ سکولوں کی عمارات میں بہتری اور تدریس کا شعبہ ترقی کرے گا۔ محکمہ تعلیم کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے وژن کے مطابق درست سمت کی جانب گامزن کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا ،صوبائی مشیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کا قلم دان چیلنج سمجھ کر قبول کیا تھا۔ جامع منصوبہ بندی بہترین ٹیم ورک اور عوامی وژن لے کر قلیل مدت میں محکمہ تعلیم میں خاطرخواہ بہتری لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تشکیل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں کے ازسرنو جائزے کے بعد ان میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔ سروس سٹرکچر اور بھرتی کے لیے نئے قوانین کے بننے سے محکمے کے ملازمین کو فائدہ اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ پنشن کے کیسوں میں التواء کے عمل کو کم سے کم کرلیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ اساتذہ کرام کی خدمات کا بروقت صلہ انہیں جلد سے جلد مل جائے۔ 
تازہ ترین