• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل قائم، نوٹیفکیشن جاری

وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معیشت کی بہتری،ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کیلئے13 رکنی نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی،اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

کونسل کے سربراہ وزیر اعظم عمران خان خود ہوں گے جبکہ وزیرخارجہ، وزیرمنصوبہ بندی، مشیر خزانہ اور مشیر تجارت کے ساتھ آرمی چیف بھی کونسل کے ارکان میں شامل ہیں، ابتدائی طور پر کونسل کے چار ٹی او آرز جاری کئے گئے ہیں۔

ملک کو کیسے ترقی دینی ہے؟ حکمت عملی کیا ہونی چاہیے؟ معاشی ترقی کی شرح کیسے بڑھائی جاسکتی ہے؟ قومی اور علاقائی روابط کیلئے دیرپا منصوبہ بندی کیا ہونی چاہیے؟ اور علاقائی تعاون کیلئے کیا گائیڈ لائنز ہوں؟

وزیر اعظم عمران خان نے ان اہداف کو ممکن بنانے کے لیے13 رکنی نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔

نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل وزیر اعظم آفس میں کام کرے گی، وزیر خارجہ، وزیرمنصوبہ بندی، وزیر یا مشیر خزانہ، وزیر یا مشیر تجارت و صنعت و پیداوار اور آرمی چیف بھی نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے رکن ہوں گے، سیکرٹری وزیراعظم، سیکرٹری خارجہ، خزانہ اور منصوبہ بندی بھی کونسل کے ارکان میں شامل ہیں جبکہ وزیراعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے سیکرٹری ہوں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر،چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزیراعلی کو بھی دعوت پہ اجلاس میں شریک کیا جاسکے گا، کسی بھی وزیر یا اسٹریٹجک ادارے کے سربراہ کو بھی اجلاس میں شریک کیا جاسکے گا۔

ابتدائی طور پر نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے چار ٹی او آرز جاری کئےگئے ہیں ،جن میں ضرورت کے پیش نظر ترامیم کی جا سکیں گی۔

تازہ ترین