• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے لندن میں کپتان سرفراز احمد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور انہیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی ہدایت کی ہے۔


منگل کو احسان مانی کے فون کا مقصد ٹیم کے حوصلے بلند کرنا ہے۔

سرفرازاحمد نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ کھلاڑی بقیہ میچوں میں جیت کے لئے پرعزم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد کا حوصلہ بڑھایا اور پرسکون رہنے کی ہدایت کی۔

احسان مانی نے کہا کہ ابھی ٹیم کو چار میچ کھیلنا ہیں، ان میچز میں اچھی کارکردگی پر فوکس کریں۔ ٹیم ابھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ میڈیا کی بے بنیاد خبروں پر توجہ دے کر کھیل سے دھیان نہ ہٹائیں، شائقین کرکٹ کو ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ قوم، پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہے آپ اچھا کھیلیں اور جیت کر واپس آئیں۔

دوسری جانب کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنا ٹیم انتظامیہ کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔

کھلاڑیوں کے خلاف مسلسل ہونے والی تنقید کے باعث ان کے اہل خانہ بھی پریشان ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کے بارے میں تنقید بند نہ ہوئی تو خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کسی کھلاڑی کے گھر پر مشتعل شائقین حملہ کرسکتے ہیں۔

پی سی بی نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ کھیل کو کھیل کی طرح لیں ایک میچ کی خراب کارکردگی پر کھلاڑیوں پر کی جانے والی غیر ضروری تنقید کسی کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

تازہ ترین