• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر کے روزآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی زمینی فورسز کےکمانڈر جنرل ہان وائیگونے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس موقع پر جنرل ہان وائیگو کاکہناتھاکہ وہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے کردار کوسراہتے ہیں۔معزز مہمان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اِس ملاقات کے دوران جنرل ہان وائیگو کو سی پیک کی سیکورٹی کیلئے غیر متزلزل معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔وطنِ عزیز پرجب جب کوئی مشکل آن پڑی، پاک فوج نے ہمیشہ اپنی تمام تر قوت اور وسائل کو بروئے کارلا کر اُس مشکل کو آسان کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دہشت گردی کا ناسور ہو یا کوئی قدرتی آفت ،فوج ہی وہ واحد ادارہ ہے جس نے ایسے مواقع پر ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری ایک ایسا منصوبہ ہے جو پاکستان کی قسمت بدل سکتا ہے اور پاکستانی معیشت کی ڈوبتی کشتی کیلئے سہارا ثابت ہو سکتا ہے۔ اِس لئے ملکی سلامتی کے ادارے اُس کی تعمیر اور تکمیل کیلئے بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان کیلئے یہ گیم چینجر منصوبہ شروع دن سے بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتا ،اِس لئے وہ اِسے ناکامی سے دوچار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ، جس کی وجہ سے چینی حکومت بعض اوقات اِس منصوبے کے حوالے سے بے یقینی کی صورتحال میں مبتلا نظر آتی ہے لیکن آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے اِس منصوبے کی فول پروف سیکورٹی کی یقین دہانی اور غیر متزلزل معاونت کے عزم کے بعد چینی حکام کو پاکستان اور چین دشمن عناصر کے بارے میں زیادہ سوچ بچار کرنےکے بجائے اِس منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہئے تاکہ دونوں ممالک اِس سے استفادہ کر سکیں اور یہ منصوبہ پاکستان کیلئے حقیقتاً گیم چینجر ثابت ہو۔

تازہ ترین