• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ نے2ملازمین کی نوکری بحال ،واجبات ادا کرنے کا حکم دیدیا

ملتان (سٹاف رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بنچ نے تھرمل پاور اسٹیشن مظفرگڑھ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ثاقب منیر اور فواد خان نامی دونوں ملازمین کی نوکری پر بحال اور سات روز کے اندر واجبات ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں ثاقب منیر اور فواد خان نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ جینکو انتطامیہ نے فاضل عدالت کے احکامات کے باوجود درخواست گزاران کو ڈیوٹی پر لیا اور نہ ہی ان کے واجبات ادا کیے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ہائی کورٹ ملتان بنچ نے خاتون کی کروڑوں مالیت کی کوٹھی ہتھیانے کی کوشش کرنے والے باافراد کے خلاف درخواست کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت ملتان نے تیزاب گردی کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد حسن کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن کورٹ نے منشیات برآمدگی کے مقدمہ میں ملوث ملزم عرفان کو جرم ثابت ہونے پر قید و جرمانہ کی سزا کا حکم دیا ۔ مجسٹریٹ کورٹ نے درخواست پر خاتون راحت بی بی کو دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم ا رشد علی کو ایک سال کیلئے پروبیشن پر بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے شراب برآمدگی کے مقدمہ میں ملوث ملزم وسیم مجید کو جرم ثابت ہونے پر ایک ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیا۔ سیشن کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم فریاد کو عدالتی مفرور قرار دیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کینٹ کو ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے۔سیشن کورٹ نے حبس بے جا کی درخواست میں محبوس افراد محمد عامر اور محمد شاکر کو مقدمہ میں ملوث پائے جانے پر علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن کورٹ نے شہری محمد اکرم کو ہراساں و پریشان کرنے بارے درخواست پر پر ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سے آج 19 جون کو جواب طلب کرلیا ۔ سیشن کورٹ نے خاتون منیراں مائی سے بذریعہ فون 8 لاکھ روپے مانگنے اور انکار پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے عمران سرور نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس پی کمپلینٹ سیل سے 24 جون کو جواب طلب کرلیا۔ماڈل سیشن کورٹ نے منشیات برآمدگی کے مقدمہ میں ملوث ملزم خضر حیات کو جرم ثابت ہونے پر قید و جرمانہ کی سزا کا حکم دیا۔
تازہ ترین