• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 19 جون ، 2019

’تھادل‘ گرمی کا توڑ

سندھ کی شدید گرمی میں، لو کے تھپیڑوں، جلد کو جھلساتی دھوپ اور موسم کی شدت سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات کا خوب استعمال کیا جاتا ہے، ان مشروبات میں سندھ کا مشہور مشروب تھادل شامل ہے۔


’تھادل‘ کو سندھ کے ثقافتی مشروب کا درجہ حاصل ہے، جسے یہاں کے لوگ صدیوں سے پیتے اور پسند کرتے آ رہے ہیں۔

خوش بودار پھول پتیوں، مربوں، مغزیات اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ اس شربت کی نہ صرف خوش بو اپنی طرف راغب کرتی ہے، بلکہ اس کا رنگ ایک خوش گوار احساس دلاتا ہے اور اسے پینے کے بعد فرحت اور تازگی کا احساس ہوتا ہے، ساتھ ہی گرمی کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔

لذت سے بھرپور تھادل سندھ میں گرمی کے موسم میں کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے، یہاں کے لوگ کئی سو سال سے روایتی انداز سے لکڑی کے ڈنڈے سے بندھی گھنگھرو کی آواز کے ساتھ صاف کونڈے میں تھادل بناتے ہیں، اس میں ڈالے جانے والے مسالا و میوہ جات کو گرمی کا دشمن تصور کیا جاتا ہے، اسی لیےتھادل کو گرمی کا بہترین توڑ سمجھا جاتا ہے۔

تھادل کی تیاری کسی آرٹ سے کم نہیں ہے، یہ شربت روایتی طور پر تو مٹی کے برتن میں ڈالے جانے والے اجزاء کو پیس کر تیار کیا جاتا ہے لیکن اب اجزاء کو پیسنے کے لیے مشینوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

جلد جھلساتی دھوپ اور لو کے جھکڑوں سے محفوظ رہنے کے لیے دن کے اوقات میں سڑکوں پر سفر کرنے والے افراد گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات کا خوب استعمال کرتے ہیں جن میں سب سے مشہور مشروب تھادل ہے۔

اس کی مقبولیت اور استعمال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گرمیوں کے موسم میں سندھ کے کسی بھی علاقے کی سڑکوں، بازاروں یا قومی شاہراہ پر سفر کے دوران جگہ جگہ تھادل ٹھیلوں پر فروخت ہوتا نظر آتا ہے، جو لوگوں کو گرمیوں میں ٹھنڈک پہنچانے کے علاوہ روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔

کڑکتی اور چلچلاتی دھوپ میں تھادل کے روایتی اور مخصوص اسٹالز پر شہریوں کا خوب رش رہتا ہے، اس مشروب کو امراء ہی نہیں کم قیمت ہونے کے باعث غریب بھی پینا پسند کرتے ہیں۔

سڑک کنارے مخصوص اسٹالز پر روایتی انداز میں تیار ہونے والے تھادل میں بادام، پستہ، چاروں مغز، گڑ، سونف، مصری، زیرا، نمک، چینی، خشخاش و دیگر مسالہ جات ڈالے جاتے ہیں، اسی لیے یہ فرحت بخش ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی مفید گردانا جاتا ہے۔