• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، نواز شریف کی درخواست ضمانت، سماعت آج تک ملتوی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور کر لی ۔ عدالت نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت کی سماعت آج بروز جمعرات تک ملتوی کر دی جبکہ سزا کے خلاف مرکزی اپیل پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل کی سماعت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب عرفان منگی عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ڈاکٹرز کی تصدیق شدہ رپورٹ جمع کرانا چاہتے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے اضافی ریکارڈ پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ سماعت کے موقع پر نیب نے اپنا جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست نا قابل سماعت ہےعدالت اسےخارج کرے۔ سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اور میڈیکل آفیسر نے بھی ہائی کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل نے استدعا کی کہ نواز شریف کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی جائے جبکہ میڈیکل آفیسر نے رائے دی کہ موجودہ علاج کے دوران نواز شریف کی طبی حالت درست ہے۔

تازہ ترین