• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آکسفورڈ یونیورسٹی نے امریکی ایکویٹی باس سے 150ملین پونڈز قبول کر لئے

لندن (پی اے) کسی بھی برطانوی یونیورسٹی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا واحد ڈونیشن آکسفورڈ کو دیا گیا ہے جوکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی اخلاقیات پر سٹڈی کیلئے قائم ہونے والے ایک نئے انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر خرچ کیا جائے گا۔ ایک امریکی پرائیویٹ ایکوئٹی کے مالک ارب پتی سٹیفن شوارزمین جنہوں نے ری پبلکن صدور بشمول ڈونلڈ ٹرمپ کو مشاورت فراہم کی ، آکسفورڈ کو 150ملین پونڈز کا عطیہ دیا ہے۔ ہیومنٹیز کی سٹڈی کیلئے انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ یہ برطانیہ میں ’’ عالمی سطح کی اہم سرمایہ کاری ‘‘ ہے۔ ایک ایسے وقت جب بریگزٹ کے پیش نظر یونیورسٹیز کو تحقیقی فنڈنگ کے معاملے پر بے یقینی کا سامنا ہے، یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے لئے یہ عطیہ ایک بڑا مالیاتی اثاثہ ہے۔ پرائیویٹ ایکوئٹی فرم بلیک سٹون کے چیف ایگزیکٹو مسٹر شوارزمین امریکہ کی معروف ارب پتی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ماضی میں وال سٹریٹ کے سرمایہ کار کی حیثیت سے ان کے پر تعیش رہن سہن کو اکثرتنقید کا سامنا کرنا پڑا مگر حالیہ عرصے میں وہ تعلیم کیلئے ایک اہم ڈونر بن گئے ہیں۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر شوارزمین نے کہا کہ انہوں نے آکسفورڈ کو یہ عطیہ اس لئے دیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہمارے دور کا ایک اہم ایشو ہے جس کے بارے میں تحقیق کی اشد ضرورت ہے۔
تازہ ترین