• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کے سیلف ڈیفنس فورسز کے دن کی تقریب، مہمانوں کی ملک کی سیاسی صورت حال پر گپ شپ

اسلام آباد (صالح ظافر) جاپان کے سیلف ڈیفنس فورسز کے دن کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر مہمانوں نے ملک کی سیاسی صورتحال، حالاتِ حاضرہ، کل جماعتی کانفرنس بالخصوص مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے اور حکومت گرانے کے اعلان کو بحث کا موضوع بنا رکھا تھا۔ مہمانوں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو بھی زیر بحث رکھا اور اس پر تنقید کی اور اسے آئی ایم ایف کی مصنوعات قرار دیا۔ مہمانوں کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس رواں ماہ کے آخر میں منعقد کی جا سکتی ہے۔ جاپان کے سفیر کونینوری ماتسودا نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ انہوں نے قدرتی آفات اور دہشت گردی کو مشترکہ چیلنج قرار دیا۔ جاپان شہنشاہ کی تبدیلی کے بعد پہلا سیلف ڈیفنس ڈے منا رہا ہے۔ ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چیف گیسٹ تھے۔ تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے افسران نے تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ خرم دستگیر، طارق فاطمی، گوہر ایوب خان، رحمان ملک، وسیم شہزاد، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل ملک عبدالقیوم، عزیز بولانی اور سابق این ایس اے لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نمایاں تھے۔ مہمانوں نے فوج کے سینئر عہدوں پر حالیہ تبدیلیوں پر بھی گپ شپ کی جبکہ سفارت کار اور خصوصاً دفاعی اتاشی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو عہدے میں توسیع کے امکانات پر سوالات کیے۔ مہمانوں نے شہباز شریف کے قومی اسمبلی میں خطاب پر بھی بحث و مباحثہ کیا۔ جاپانی سفیر نے اس نمائندے کو بتایا کہ جاپان میں متعین پاکستانی سفیر امتیاز احمد کو حکومت کی طرف سے رضامندی چند ہفتوں میں مل جائے گی، یہ معمول کا عرصہ ہے اور اس دوران یہ کام مختلف حکام سے ہوتا ہوا آگے بڑھتا ہے۔
تازہ ترین