آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ 15؍ ذیقعد 1440ھ19؍جولائی 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آسٹریلیا کا بنگلادیش کو 382رنز کا ہدف
فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر 

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 26ویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 382رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

بنگلادیش نے اپنے گزشتہ میچ میں ویسٹ انڈیز کا 322رنز کا ہدف 42ویں اوورز میں حاصل کرلیا تھا،اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ آج کیا کارکردگی دکھاتی ہے۔

ٹرینٹ برج میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اوورز میں 5وکٹ پر 381رنز بنائے اور بنگلادیش کے لئے 382رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

دفاعی چیمپئن کی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ وارنر کی 166، عثمان خواجہ 89اور کپتان ایرون فنچ کی 53رنز کی اننگز رہیں،ڈیوڈ وارنر نے بیٹنگ کے دوران 5چھکے اور 14 چوکے لگائے۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیو ڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پہلی وکٹ پر 121رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے کئی دلکش شارٹس لگائے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کی۔

آسٹریلیا کا بنگلادیش کو 382رنز کا ہدف
فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

21ویں اوور میں کپتان ایرون فنچ 53رنز بناکر سومیا سرکار کی گیند پر آئوٹ ہوگئے،انہوں نے اس دوران 2چھکے اور 5چوکے لگائے۔

دوسری وکٹ پر ڈیود وارنر نے عثمان خواجہ کے ساتھ مل کر اسکور 313 رنز تک پہنچا دیا،192رنز کی شراکت کے دوران بنگلادیشی بولرز بے بس نظر آئے،وانر نے اس دوران اپنی 16ویں سنچری 110 گیندوں پر مکمل کی،وہ 45اوورز میں 166رنز بناکر سومیا سرکار کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ وارنر اس میچ کے 166رنز بدولت بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والوں میں پہلے نمبر پر ہیں،ساتھ ہی وہ ایونٹ میں 447رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بھی ہیں۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 352کے اسکور پر47ویں اوورمیں میکس ویل کی گری،انہوں نے 10گیندوں پر 32رنز بنائے،اس دوران 3چھکے اور 2چوکے لگائے،وہ رن آئوٹ ہوگئے،ان کے آئوٹ ہوتے ہی میچ بارش کے باعث تھوڑی دیر کےلئے روک دیا گیا۔

آسٹریلیا کا بنگلادیش کو 382رنز کا ہدف
فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

بنگلادیش کو چوتھی کامیابی اسی اوور میں عثمان خواجہ کی ملی، 10چوکوں کی مدد سے 89رنز بنانے والے آسٹریلوی بیٹسمین سومیا سرکار کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے،یہ سومیاکی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔

آسٹریلیا کی پانچویں اور آخری وکٹ 48ویں اوور کی پہلی گیند پر اسمتھ کی گری،جو صرف 1رنز بناکر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ایونٹ میں بنگلادیش نے عمدہ کھیل پیش کیا ہے،خاص طور پر مایہ ناز آل رائونڈر شکیب الحسن نے اب تک 384رنز بنالئے ہیں،وہ ایرون فنچ کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں،وہ پانچ وکٹ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

آج کے میچ میں کامیابی کےسا تھ آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر ہوگا جبکہ بنگلادیش کامیابی کی صورت میں پوائنٹس کے لحاظ سے بھارت کے برابر ہوجائے گا تاہم اس کا رن ریٹ اس سے کم ہے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں