• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اذہان خان

پاکستان کے 9 سالہ بچے زیدان حامد نے کم وقت میں پیریاڈک ٹیبل ترتیب دے کر کیمسٹری کی تاریخ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا

زیدان حامد نے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن میں پیری آڈک ٹیبل کے تمام 118 ایلیمینٹس کو 5 منٹ 46 سیکنڈ میں ترتیب دے کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔بعد ازاں اس نے دوسری کوشش کی ،جس میں انہوں نے اپنا ریکارڈ توڑتے ہوئے پیریاڈک ٹیبل 5 منٹ 41 سیکنڈ میں ترتیب دے دیا۔ تمام ایلیمنٹس کے نام اتنی آسانی سے بولتا ہے، جن کے درست تلفّظ کی ادائیگی میں ہی بڑے بڑے مار کھا جاتے ہیں۔یہ ایک بہت مشکل چیلینج ہے کہ آپ کے سامنے 118 ایلیمنٹس ایک ڈھیر کی صورت میں پڑے ہوں، بورڈ پر کوئی نشان نہ ہو اور آپ نے بغیر اٹامک نمبر کے ان کو اصل جگہ پر رکھنا ہو۔ اس کےلئے بہت تیز دماغ اور پُھرتی چاہیے۔

ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے زیدان حامد نے کہا کہ’’ میں اپنے والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، یہ ریکارڈ توڑنا بہت مشکل تھا۔

انہوں نے کہا کہ پریاڈک ٹیبل کو یاد کرنا بہت مشکل ہے،یہ بچوں کا کھیل نہیں ہے، پریاڈک ٹیبل کو یاد کرنے کے بعد اس پر غوروفکر کرنا پڑتا ہے،ایسا نہیں ہے کہ آپ صرف تمام ایلیمنٹس کے نام یاد کر لیں بلکہ ریکارڈ بنانے کےلئے شرط ہے کہ آپ ایک ایک ایلیمنٹ کے بارے میں تفصیل سے جانتے ہوں کہ اس کی پیری آڈک ٹیبل میں کن خصوصیات کی بنا پر کیا جگہ ہے،ان کے بلاکس کتنے ہیں، کالم کتنے ہیں، قطاریں کتنی ہیں اور آپ کے دماغ میں پیری آڈک ٹیبل اور تمام ایلیمنٹس کی مکمل تصویر ہونا ضروری ہے۔

مسلسل کوشش سے بڑی کامیابی ملتی ہے، میں نےبار بار کوشش کی اور آج کامیاب ہوگیا،میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ان کا کہنا ہے کیمسٹری میرا بچپن ہے۔ میں تمام ایلیمنٹس کو تب یاد کر چکا تھا، جب میں تین سال کا تھا اور تب سے اب تک میں ایلیمنٹس کے ساتھ کھیلتا آیا ہوں۔‘‘

کیمسٹری کا یہ اچھوتا ریکارڈ 15 اگست 2018 میں ڈاکٹر ولاز نے بنایا تھا،ان کا تعلق فورنی ہالز آف کیمیکل انجینئرنگ سے ہے۔ڈاکٹر ولاز نے 8 منٹس 36 سیکنڈ میں ایلیمینٹس ترتیب دےکر ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ڈاکٹر ولاز کا عالمی ریکارڈ لبنان کے علی غدر نے 25 فروری 2019 میں توڑا تھا۔اس نے پیریاڈک ٹیبل کے 150 سال مکمل ہونے پر 6 منٹ 44 سیکنڈ میں ریکارڈ توڑا تھا۔ زیدان حامدلِٹل پروفیسر، کیمسٹری کاکروچ، ڈرون آف کیمسٹری کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ وہ کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں، جیسا کہ باکسنگ اور کرکٹ ان کے پسندیدہ کھیل ہیں۔اس کے علاوہ پانچ سال کی عمر میں “کم عمر ترین مائیکروسافٹ آفس پروفیشنل” کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ۔ یوٹیوب پر سائنس، جغرافیہ، تاریخ، مذاھب، اقبالیات اور مختلف موضوعات پر ننھے پروفیسر کی چار سو سے زائدعلمی وڈیوز موجود ہیں۔ زیدان اپنے ہوم سٹوڈیو میں یوٹیوب کےلئے وڈیو سیریز خود تشکیل دیتا ہے جن میں “رمضان وِد زیدان” ، “بُکس وِد زیدان” اور “کرکٹ وِد زیدان” جیسے پروگرام شامل ہیں ۔

محض آٹھ اور نو سال کی عمر میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے کم عمر ترین طالبِ علم کی حیثیت سے عربی زبان میں سرٹیفیکیٹ، ڈپلومہ اور ایڈوانس ڈپلومہ کورس مکمل کیا ۔ صرف یہی نہیں بلکہ زیدان نے آٹھ سال کی عمر میں کیمبرج اسلامک کالج سے ڈاکٹراکرم ندوی (شاگرد مولانا ابولحسن ندوی) کی زیرِ نگرانی عربی اور اسلامک اسٹدیز میں دو سالہ ڈپلومہ حاصل کیا اور کیمبرج کالج کے کم عمر ترین طالبعلم کا اعزاز حاصل کیا۔ قدیم و جدید موضوعات پر زیدان 500 سے زائد کتابیں پڑھ چکا ہے اور اس کی تین کتابیں تصنیف کے مراحل میں ہیں۔ زیدان کی پہلی کتاب آکسفورڈ یو نیورسٹی پریس کے زیرِ اشاعت ہے۔ زیدان نے حال ہی میں یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا سے ماحولیات پر ایک کورس مکمل کیا ہے۔

کھیل انسانی دماغ کےلئے بہت ضروری ہیں۔ بچوں کو چایئے کہ وہ اپنی پڑھائی پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں ،تاکہ ان کا ذہنی اور علمی معیار جدید سائنسی علوم کے برابر ہو سکے۔ یہ ریکارڈ صرف ایک ریکارڈ نہیں ہے بلکہ نوجوانوں کےلئے ایک پیغام ہے، ایک نئی سوچ ہے کہ طلباء اپنی پڑھائی پر خاص توجہ دیں اور سائنس کے میدان میں آگے بڑھیں۔ اس ریکارڈ کا مقصد یوتھ میں مثبت انرجی پیدا کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی زندگی کی اہمیت پہچانتے ہوئے بڑا کام کر سکیں۔

زیدان حامد جیسے ذہین طالب علم ملک و قوم کا حقیقی سرمایہ اور قوم کا روشن مستقبل ہیں

تازہ ترین