موگیمبو کے نام سے شہرت پانے و الے بالی ووڈ اداکار امریش پوری کی87ویں سالگرہ کے موقع پر سرچ انجن گوگل نے خصوصی ڈوڈل جاری کر دیا ۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری پر وِلن کے کردار میں کئی برسوں تک راج کرنے والے عظیم فنکارامریش پوری کے مداح آج ان کی 87 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
انیس سو بتیس میں بھارتی پنجاب کے علاقے جالندھر میں پیدا ہونے والے امریش پوری نے بالی وڈ میں منفی کردار سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بھارتی فلم انڈسٹری پر چھا گئے۔
بالی ووڈ میں ولن کے طور پر انہوں نے اپنی صلاحتیوں کا لوہا کئی سالوں تک منوایا لیکن فلم مسٹر انڈیا کے کردار موگیمبو نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
امریش پوری نے رام لکھن، سوداگر، کرن ارجن،کوئلہ، ودھاتا، ہیرو، پھول اور کانٹے،پردیس،میری جنگ اور دل والے دلہنیا لے جائیں گے جیسی یادگار فلموں میں لازوال کردار ادا کئے۔،
وہ ہالی ووڈ فلموں میں بھی جلوہ ہوئے جہاں انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم جیسی بلاک بسٹر فلم میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے اور فلمی دنیا میں بطور ولن کئی ایوارڈ حاصل کئے۔
12 جنوری 2005 کو فلمی دنیا کا یہ نامور ستارہ ممبئی کے اسپتال میں دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے موت کی اندھیری وادی میں کھو گیا۔