• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران گرائے گئے امریکی ڈرون کا ملبہ سامنے لے آیا

ایران نے امریکا کے گرائے جانے والے ڈرون کا ملبہ دنیا کے سامنے پیش کر دیا ہے۔


ایران کے اسٹیٹ ٹی وی پر دکھائے جانے والی ویڈیو میں امریکی نیوی کے ڈرون کا ملبہ دیکھا جا سکتا ہے۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کے اس دعوےکی تردید کی ہے کہ ڈرون گرائے جانے کے وقت بین الاقوامی پانیوں پر اڑ رہا تھا۔

جمعرات کو امریکی ڈرون آر کیو فور گلوبل ہاک کو ایرانی فوج نے مار گرایا تھا، ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایرانی فضائی حدود میں یہ امریکی ڈرون مار گرایا ہے۔

اس حوالے سے ایران کے انقلابی گارڈز پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون صوبہ ہرمزگان کے علاقے کوہِ مبارک میں ایرانی فضائی حدود میں گرایا گیا۔

امریکی عہدیدار نے ایرانی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے اپنی فضائی حدود میں نہیں بلکہ بین الاقوامی فضائی حدود میں امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بھی کہا تھا کہ ایران نے بین الاقوامی فضائی حدود میں آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون کو زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران میں کچھ عرصے سے کشیدگی جاری ہے اور گزشتہ دنوں امریکی فوج کی جانب سے خلیج اومان میں آئل ٹینکرز پر ایران کے میزائل سے حملے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تازہ ترین