• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ، سیمی فائنل کیلئے پاکستان نے چار میں سے پہلی رکاوٹ عبور کرلی، جنوبی افریقا کو 49 رنز سے شکست

لارڈز،لندن(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی، جنگ نیوز) ورلڈ کپ سیمی فائنل کیلئے پاکستان نے 4میں سے پہلی رکاوٹ عبور کرلی، جنوبی افریقہ کو 49رنز سے شکست دیدی، شعیب ملک کی جگہ کھیلنےوالےحارث سہیل کی شاندار کارکردگی، 89رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، بابر اعظم نے 69،فخر اور امام کے 44،44رنز،قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹس پر 308رنز بنائے،بولرز کی بھی بھرپور محنت، ناکام ٹیم کو 259تک محدود کردیا، وہاب اور شاداب خان کے 3،3شکار،عامر نے 2وکٹیں لیں تاہم فیلڈرز نے7 کیچ چھوڑے،قومی ٹیم کا اگلا میچ 26جون کونیوزی لینڈ سے ہوگا۔تفصیلات کےمطابق ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں اپنی امیدوں کے چراغوں کو ایک بار پھر روشن کرلیا، حارث سہیل کی 89رنز کی میچ وننگ اننگز اورقومی ٹیم کی شاندار بولنگ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں واپس لے آئی،پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا لیکن مزید اچھی کارکردگی ہی پاکستان ٹیم کو مشکل سے نکال سکتی ہے۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹ پر308رنز بنائے جواب میںجنوبی افریقا9 وکٹ کے نقصان پر259رنز بناسکی۔پاکستان کو بقیہ تین میچوں میں نیوزی لینڈ،افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دینا ہوگی،دوسرا میچ جیتنے کے بعد پاکستان کے 5پوائنٹس ہوگئے اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔ورلڈ کپ میں پانچواں میچ ہار کر افغانستان کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم بھی باہر ہوگئی،اتوار کو لارڈز میں25ہزار سے زائد تماشائیوں نے دل دل پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرےلگائے اور میچ کے بعد ہزاروں تماشائی جیت کا جشن مناتے ہوئے گھرروانہ ہوئے۔پاکستانی فیلڈنگ مایوس کن رہی، کئی کیچ ڈراپ کئے۔ جنوبی افریقہ کی اننگز میں پھیلا وایو46رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔فاسٹ بولر وہاب ریاض نے46اورشاداب خان نے50رنز دے کر تین تین وکٹ حاصل کیں،محمد عامر نے 2اور شاہین آفریدی نے ایک وکٹ لی۔جنوبی افریقا کواننگز کے آغاز میں محمد عامر کی گیند پر اپنے سب سے قابل اعتماد بیٹسمین ہاشم آملا کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا،ہاشم آملا دو رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر وکٹ کے سامنے پیر لانے کی پاداش میں پویلین لوٹ گئے۔عامر نے پہلے اسپیل میں چار اوورز میں ایک میڈن کرایا نو رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان فاف ڈپلوسی اور ڈی کوک نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور 87رنز کی شراکت قائم کی تاہم شاداب خان نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ڈی کوک کی 47رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ایڈن مارکرم نے ابھی 7رنز ہی اسکور کیے تھے کہ شاداب کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔پاکستان کو جلد ہی ایک اور وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن شاداب خان کی گیند پر محمد عامر کیچ نہ لے سکے، فاسٹ بولرنے اس غلطی کا جلد ازالہ کردیا اور 63رنز بنانے والے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کو ان کے پاکستانی ہم منصب سرفراز کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ دوسرے اسپیل کی تیسری گیند پر وکٹ لے کر عامر نے ٹورنامنٹ میں پندرہویں وکٹ حاصل کی۔فاف نے79 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5چوکے مارے،ملر کو اس وقت چانس ملا جب وہاب ریاض کی گیند پر محمد عامر نے ان کا کیچ چھوڑ دیا اس سے قبل عامر نے اپنی ہی گیند پر کیچ چھوڑا تھا ،سرفراز احمدوان ڈر ڈوسن کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔وہاب ریاض کی تین گیندوں پرکیچ ڈراپ ہوئے تاہم 189رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔شاداب نے وان ڈر ڈوسن کی اننگز کا خاتمہ کیا یہ ان کی ون ڈے میں پچاسویں وکٹ تھی،وان ڈر نے47گیندوں پر36رنز بنائے۔قبل ازیںپاکستان ٹیم میں واپس آنے والے بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے 59گیندوں پر89رنز کی اننگز کھیل کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کردکھایا،حارث سہیل کی اننگز میں 3چھکے اور9چوکے شامل تھے، انہوں نے کمال مہارت سے پاکستانی اننگزکو مستحکم کیا،حارث سہیل نے 50رنز بنانے کے لئے صرف 38گیندیں کھیلیں جبکہ بابر اعظم نے نصف سنچری 61گیندوں پر بنائی،بابر اچھا کھیلنے کے باوجود بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔حارث سہیل اور بابر اعظم کے درمیان 70گیندوں پر81رنز کی پارٹنرشپ ہوئی،بابر اعظم نے80گیندوں پر69رنز بنائے۔محمد حفیظ کو دو رنز پر چانس بھی ملا،حارث نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور عماد کے ساتھ 40 گیندوں پر 71رنز جوڑے جس میں عماد کا حصہ صرف 23رنز کا تھا۔اوپنرز فخر اور امام نے ٹیم کو 8ویں اوور میں ہی 50 کا ہندسہ عبور کروایا تاہم 15ویں اوور میں 81 کے مجموعے پر عمران طاہر کی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے فخر زمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،اوپنرز نے92گیندیں کھیلیں۔نئے آنے والے کھلاڑی بابر اعظم کے ساتھ دوسرے اوپنر امام الحق نے ٹیم کے اسکور کو 98 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ وہ بھی عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس مرتبہ عمران طاہر نے بہترین فیلڈنگ کرتے ہوئے اپنی ہی گیند پر امام کا شاندار کیچ لیا، دونوں پاکستانی اوپنرز 44 ، 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے،دونوں نے 6،6چوکے مارے،ابتدائی اوورز میں لیگ اسپنر عمرا ن طاہر نے پاکستان کے لئے مشکلات پیدا کیں ان کے سات اوورز میں26رنز بنے انہوں نے دو وکٹ حاصل کئے۔عمران طاہر نے دس اوورز میں41رنز دیئے۔

تازہ ترین