• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاع، توانائی، تیل و گیس کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، پاک قطر اعلامیہ

اسلام آباد (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں) پاکستا ن اور قطر نے دفاع ،توانائی، ایل پی جی ، توانائی اور تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے ۔پاکستان اور قطر کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں گزشتہ رات دو طرفہ تعلقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہاگیاکہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچے ۔ قطر فیفا ورلڈ کپ 2020کے موقع پر اپنے ملک میں ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار دے گا ۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن الثانی کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاکستان۔قطر بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید قریب تر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاسی و اقتصادی کی شراکت داری کے مزید فروغ کیلئے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیادیگر امور میں دوطرفہ تجارت، زراعت اور خوراک کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، ایل این جی ایل پی جی اور تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبوں سمیت توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے، سیاحت و میزبانی کی صنعتوں میں قطر کی سرمایہ کاری کے فروغ، قطر میں برسر روزگار پاکستانی افرادی قوت میں اضافے، ہوا بازی، بندرگاہوں کے امور، اعلیٰ تعلیم اور دفاع و دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ قائدین میں جن تجاویز پر اتفاق ہوا ہے انہیں ٹھوس اور عملی شکل دینے کیلئے متعلقہ وزراء اپنے متعلقہ شعبوں میں مذاکرات کے عمل کوآگے بڑھائیں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین