• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممکنہ تحریک عدم اعتماد، چیئرمین سینیٹ نے زرداری سے مدد مانگ لی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،این این آئی)چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر صادق سنجرانی نے سابق صدر آصف زرداری سے مدد مانگ لی۔ اتوار کوچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور آصفہ بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہائوس میں بلاول بھٹو کے چیمبر میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی۔ صادق سنجرانی نے غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی اور اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد پر آصف زرداری سے مدد مانگی ہے۔ ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ آئینی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی انکے خلاف دیگر جماعتوں کا ساتھ نہیں دیگی۔دوسری جانب چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے انکی خیریت دریافت کرنے گیا تھا اور کوئی بات نہیں ہوئی۔ صحافی کے سوال پر کہ کیا اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی ممکنہ تحریک پر پریشان ہیں؟ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ بالکل پریشان نہیں ہوں، ایسی کوئی بات نہیں، مجھے پتہ چلا آصف زرداری بیمار ہیں، انکی خیریت دریافت کرنے آیا تھا۔

تازہ ترین