• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا IMF سے وعدہ، گیس سیکٹر کا گردشی قرض نہیں بڑھے گا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے کہ وہ گیس سیکٹر میں موجودہ گردشی قرض میں مزید اضافہ نہیں کرے گی جو اس وقت 180 ارب روپے ہے۔ اس وعدے کو یقینی بنانے کیلئے تحریک انصاف حکومت 1 جولائی 2019 سے گیس ٹیرف میں اضافہ کرے گی۔ حکومت نیپرا کی جانب سے تعین کردہ بجلی ٹیرف میں فی یونٹ 1.50 روپے اضافہ بھی 1 جولائی 2019 سے کرے گی۔ پٹرولیم ڈویژن حکام کے اجلاس ہفتہ اور اتوار کو ہوئے جن میں گھریلو اور بڑے پیمانے پر گیس استعمال کرنے والے دیگر صارفین جیسے کہ انڈسٹر یل ، کمرشل، سی این جی اور پاور سیکٹرز کیلئے گیس ٹیرف پر کام کیا گیا۔ حکام نے گیس ٹیرف برائے 2019-20 کے حوالے سے اوگرا کے تعین کا جائزہ لیا اور آج ٹیرف کو حتمی شکل دے گی۔ انڈسٹریل، کمرشل، سی این جی اور پاور سیکٹرز کیلئے اوگرا نے 31 فیصد تک گیس ٹیرف میں اضافے کا تعین کیا۔ پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس کے نرخ پر جو بھی کام کیا جائے گا اسے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور پھر وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے گیس کے درست ٹیرف بتانے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ مختلف منظر نامے زیر غور ہیں جنہیں ای سی سی میں پیش کیا جائے گا اور جو وفاقی کابینہ سے منظوری کی سفارش کرے گی اور آج اس معاملے کو حل کرلیا جائے گا۔

تازہ ترین