• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھراور گرد و نواح میں شدید گرمی کی لہر ،گیسٹرو کے مرض میں اضافہ

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح میں پڑنے والی شدید گرمی کی لہر میں کمی واقع نہ ہوسکی، گرمی کے باعث گیسٹرو کا مرض بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، ضلع کے مختلف علاقوں سے ایک درجن سے زائد لوگوں کو گیسٹرو کی شکایات پر سول اسپتال سکھر سمیت دیگر سرکاری ونجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ گرمی کے موسم میں دھوپ میں باہر نکلنے، گرم ہوا لگنے، کھلی اشیاء اور مضر صحت پانی کا استعمال گیسٹرو پھیلانے کی وجوہات ہیں، ڈاکٹرز نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی بالخصوص دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری کام کاج سے گھروں سے نکلنے سے گریز کیا، اگر نکلنا بہت زیادہ ضروری ہے تو پھر دھوپ سے بچنے کے لئے سر کو ڈھانپ کر نکلیں۔ کھلی اشیاء کے استعمال سے گریز کریں۔ دوسری جانب گرمی کے باعث اہم کاروباری علاقے منارہ روڈ، ایوب گیٹ، ریس کورس روڈ، ملٹری روڈ، ورکشاپ روڈ، بندر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، بیراج روڈ ودیگر میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی جبکہ بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد بھی گرمی کی شدت سے نڈھال نظر آئے اور مختلف علاقوں میں واقع ریڑھی بانوں اور دکانوں سے ٹھنڈے مشروبات پی کر گرمی سے بچنے کی کوششیں کرتے رہیں۔
تازہ ترین