• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کار چور گینگ کی فائرنگ‘ پولیس کانسٹیبل اور ایک ملزم زخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) کار چوری کر کے لے جانے والے بین الصوبائی گینگ کے ملزموں نے پولیس کے روکنے پر فائرنگ کر دی جس سے پولیس کانسٹیبل اور ایک ملزم زخمی ہو گیا۔ تیز رفتاری کے باعث ملزمان کی گاڑی کھمبے سے ٹکرا گئی۔ تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ سے مسلح ملزموں نے ایک کار چوری کی اور ٹیکسلا کی جانب فرار ہو گئے۔ وائرلیس پر اطلاع ملنے کے بعد ٹیکسلا پولیس نے ایچ ایم سی روڈ پر ناکہ لگایا‘ رات گئے دو مشکوک کاریں اس ناکہ سے گزریں جنہیں روکنے کی کوشش کی گئی تو گاڑی میں سوار ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے ناکہ توڑا اور ہری پور کی جانب فرار ہو گئے۔ پولیس نے تعاقب کیا تو ملزموں کی کار تیز رفتاری کی وجہ سے کھمبے سے ٹکرا گئی جس میں سوار ملزموں نے گاڑی سے نکلتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس کانسٹیبل فہیم منظور زخمی ہو گئے۔ پولیس کی حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ سے نجیب اللہ سکنہ ضلع پشاور زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ فرار ہونے والے ملزمان کے نام زاہد شاہ سکنہ ضلع مردان اور سرفراز سکنہ مردان معلوم ہوئے۔ زخمی کانسٹیبل فہیم منظور اور زخمی ملزم نجیب اللہ کو پولیس کی نگرانی میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ تھانہ ٹیکسلا میں ملزموں کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور پولیس مقابلے سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سی پی او راولپنڈی ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے بتایا کہ کار چوروں کا یہ بین الصوبائی گینگ راولپنڈی‘ اٹک اور دیگر اضلاع کی پولیس کو مطلوب ہے اور کار چوری کی درجنوں وارداتوں سمیت ڈکیتی اور دوران ڈکیتی قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لاتے ہوئے اگلے 72گھنٹوں میں ملزموں کو گرفتار کر لیں گی۔ سی پی او راولپنڈی نے مزید کہا کہ ان ملزموں کی گرفتاری سے راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع میں کار چوری، ڈکیتی اوردوران ڈکیتی قتل کی وارداتیں ٹریس ہوںگی اور جرائم میں بھی کمی واقع ہوگی۔
تازہ ترین