• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرنسی کے معاملے میں پاکستان نیپال سے نیچے آگیا، حمزہ شہباز

مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ کرنسی کے معاملے میں پاکستان نیپال سے بھی نیچے آ گیا ہے،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ بجٹ خسارہ اور ڈالر کی قدر میں کمی کہاں جا کر رکے گی،آنے والے دن قوم پر قیامت بن کر ٹوٹنے والے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ نیازی صاحب نے خود کوئی کام کیااور نہ ہی مسلم لیگ ن کی پالیسیاں جاری رکھ سکے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خان صاحب نے اگر اپنے 50 فیصد وعدے بھی پورے کیئے ہوتے تو آج یہ حال نہ ہوتا،عمران خان  نے قوم کوسبز باغ دکھائے،ان کا یوم حساب آنے والا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب یہ قوم آپ کو این آر او نہیں دے گی جبکہ یہ نالائقوں کی حکومت ہےاوریہ کھیل تماشا زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ جیسا ملک بھی اب پاکستان پراعتبار کرنے کیلیے تیار نہیں اسے بھی پتہ چل گیا ہےکہ نیازی صاحب سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ وفاقی وزیر نے احتساب ہم کر رہے ہیں کہہ کر بلی کو تھیلے سے باہر نکال دیا ہے جبکہ علیمہ خان کے سوا کسی سیاستدان پرکرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف صاحب نے پہلے دن قومی اسمبلی میں میثاق معیشت کی بات کی تھی اور ان لوگوں نے میثاق معیشت کو خود مذاق بنا دیا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ ن مشرف کے آمرانہ دورمیں بھی متحد تھی آج بھی متحد ہے، جبکہ عمران نیازی بھی ڈکٹیٹر بننا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین