• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور فاسٹ بولر وقار یونس کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں محمد عامر کی کارکردگی نہایت ہی عمدہ رہی ہے،وہ جس انداز میں بولنگ کررہے ہیں اس سے پرانے عامر کی جھلک نظر آرہی ہے۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کیلئے اپنے کالم میں وقار یونس نے لکھا کہ محمد عامر اب تسلسل کے ساتھ وکٹیں لینے لگے ہیں جس کا ٹیم کو فائدہ ہورہا ہے، اس سے محمد عامرکا اعتماد بھی بحال ہورہا ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ جب عامر ابتدا میں وکٹ حاصل کرتے ہیں تو درمیان میں بولنگ کرانے والے کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے اور جب مڈل اوور میں گیند سوئنگ ہونا شروع ہوتا ہے تب وہاب ریاض اپنا کا م دکھاسکتے ہیں۔

سابق کوچ نے جنوبی افریقا کیخلاف جیت میں حارث سہیل کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ حارث سہیل نے جارحانہ بیٹنگ کی اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی ٹیم میں حارث سہیل نمبر چار پر ریگولر پلیئر ہوں گے ، حارث اور بابر مل کر لمبی شراکت بناسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو لارڈز میں پاکستان ٹیم جنوبی افریقا کیخلاف کافی مثبت نظر آئی، پلیئرز نے شکست کے خوف سے آزاد ہوکر اپنا نیچرل گیم کھیلا۔

وقار یونس نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل تک اب بھی جگہ بناسکتی ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ گرین شرٹس اس ہی انداز میں کرکٹ کھیلے جس انداز میں اس نے جنوبی افریقا کیخلاف کھیلا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نظریں انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا میچ پر بھی ہوں گی، اس میچ سے پاکستان کے ٹریک کا اندازہ ہوگا ، اگر آسٹریلیا جیتا تو اس سے پاکستان کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین