• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں ہمارا اگلا حریف نیوزی لینڈ ہے، ایجبسٹن میں ہم پوری کوشش کریں گے کہ غلطیاں نہ ہوں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک خطرناک ٹیم ہے اور فارم میں بھی ہے لہٰذا ہمیں اپنی اسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، بیٹنگ میں ایک پلیٹ فارم قائم کرنا اور بولنگ میں ابتدائی وکٹیں لینا یہی کامیابی کی ضمانت ہوگا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے کالم میں سرفراز احمد نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف جیت پوری ٹیم کی مکمل کوشش کا نتیجہ ہے، ہمیں اس کی سخت ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلا ہفتہ بہت مشکل رہا، کیونکہ ہم بھارت کے خلاف بری طرح ہارے تھے اور اس کے بعد تنقید ہوئی جو زیادہ تر جائز تھی، ہم نے غلطیاں کیں، لہٰذا ہم اس کے مستحق تھے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے دو دن چھٹی کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ہم تر و تازہ اور ری چارج ہو کر آئیں، ہم ایک ٹیم کے طور پر ہارتے ہیں، ہم ایک ٹیم کے طور پر جیتتے ہیں، یہ ہی پاکستان ٹیم کی پہچان ہے اور رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے اور فیصلہ کیا کہ جو بھی ہوا تھا، اُسے بھلا کر آگے بڑھیں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ ایک ایک میچ لیکر چلیں گے، غلطیوں کے بارے میں سوچ کر وعدہ کرنے کے ساتھ فیصلہ کیا کہ انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں گے، یہ ایک طرح سے احتساب نفس تھا، ان تمام میٹنگز کے بعدہم اتنے پرعزم تھے کہ ہم کم بیک کرسکتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کی اپ سیٹ کامیابی ہمارے لئے حوصلہ افزا تھی، اس نے یقینی طور پر ٹورنامنٹ کو اوپن کر دیا تھا اور ہمیں یقین دیا تھا کہ ہم آخری چار میچوں میں، اگر اپنے ٹیلنٹ کے معیار پر کھیلیں تو جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مثبت ذہن کے ساتھ ہم لارڈز پہنچےجو کہ ایک بہت متاثر کن گراؤنڈ ہے اور اچھا کھیلنے کی ترغیب دیتا ہے، اللہ کے فضل سے سب کچھ ہمارے حق میں گیا، ہم نے ایک مشکل پچ پر ایک اچھا ٹاس جیتا، اس پچ پر بیٹنگ آسان نہیں تھی، لیکن ہم نے ایک نڈر فیصلہ لیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پچ ڈبل رفتار تھی لیکن نیچے سے خشک تھی، مثالی طور پر بیٹنگ میں آپ ایک اچھا پلیٹ فارم چاہتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ امام الحق اور فخر زمان کے ذریعے 81 رنز کا ایک اچھا پلیٹ فارم ہمیں ملا، پھر حارث سہیل اور بابر زمان نے اننگز کو مضبوط کیا، حارث سہیل کی اننگز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ حارث کی اننگز میچ میں فرق بن گئی، وہ ایک سخت حالت میں ورلڈ کپ کا صرف دوسرا میچ کھیل رہا تھا، اس نے قیمتی ہیروں سے جڑی اننگز کھیلی۔

تازہ ترین