• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سیاسی کشیدگی کے باعث مندی، 653 پوائنٹس کی کمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سیاسی کشیدگی کے باعث نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بھی مندی پر ہوا ،کے ایس ای 100؍ انڈیکس 653؍ پوائنٹس کی کمی سے 35؍ ہزار کی حد سے نیچے آگیا، سرمایہ کاری مالیت 96؍ ارب 40؍ کروڑ روپے گھٹ گئی، کاروباری حجم گزشتہ روزکی نسبت 39.08؍ فیصدکم جبکہ 81؍ فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگر انسٹیٹیوشنز کی جانب سے توانائی، سیمنٹ، فوڈز، بینکنگ اور دیگرمنافع بخش سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 ؍ انڈیکس کی 35194؍ کی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا لیکن سیاسی افق پر بڑھتی کشیدگی اور بے یقینی کی صورتحال ، بجٹ کی منظوری التوا میں جانے کے خدشے ،ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولی کیلئے سخت اقدامات سے سرمایہ کارپریشان نظرآئے اور انہوں نے فروخت کو ترجیح دی جس پر مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس653.30 پوائنٹس کمی سے34471.95؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ پیر کو مجموعی طور پر 337؍ کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 46؍ کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 273؍ کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18؍ کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 96؍ ارب 40؍ کروڑ 81؍ لاکھ 3؍ ہزار 412؍ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 69؍ کھرب 67؍ ارب 17؍ کروڑ 12؍ لاکھ 67؍ ہزار 785؍ روپے ہوگئی۔

تازہ ترین