• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین اور بین الاقوامی مرکزجامعہ کراچی کے درمیان تحقیقی معاہدوں پر دستخط

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور چین کی معروف ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے تحقیقی اداروں غانزو ایٹ پیپلز اسپتال، کالج آف انٹیگریٹڈ چائنیز اینڈ ویسٹرن میڈیسن، انوویٹو مٹیریا میڈیکا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور اکیڈمیشن پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن ون بیلٹ ون روڈ ٹی سی ایم ریسرچ سینٹرکے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد اشتراک کے ذریعے سائنس اور ٹیکنالوجی بالخصوص کیمیائی اور حیاتیاتی شعبہ جات میں مشترکہ طور پر پیش رفت کرنا ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ایک سینئر آفیشل کے مطابق بین الاقوامی مرکز اور چینی اداروں کے درمیان ان معاہدوں پر دستخط حال ہی میں ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ میں منقعدہ ایک اجلاس کے دوران ہوئے۔ ان معاہدوں پر وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن،آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور چینی حکام نے دستخط کیے۔اس موقع چینی اسکالر اوربین الاقوامی مرکز کے دیگر آفیشل بھی موجود تھے۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کیمیائی اور حیاتیاتی میدانوں میں مشترکہ تحقیقی کوششوں کو مذید فروغ دیا جائے گا، انھوں نے کہا اس معاہدے سے پاکستان اورچین کے درمیان ثقافتی اور سائنسی تعاون کو مذید فروغ ملے گا، اس موقع پر چینی اسکالرروں بین الاقوامی مرکز میں جدید تحقیقی سہولیات کی موجودگی کو سراہا۔ بعدِ ازاں چینی حکّام وماہرین نے بین الاقوامی مرکز کی تجربہ گاہوں کا دورہ بھی کیا ۔ معاہدے میں دونوں اداروں کی سطح پر گریجویٹس کی مشترکہ تحقیقی و تعلیمی ہدایت بھی شامل ہے، دونوںممالک کے درمیان سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کا باہمی تبادلہ بھی کیا جائیگا تاکہ ماہرین کو سائنسی، تربیتی اور تحقیقی مواقع فراہم ہوسکیں، دونوں تعلیمی و تحقیقی ادارے ہر سال متعلقہ موضوعات پر مشترکہ ورکشاپ اور سیمینار کا انعقاد بھی کرینگے، اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہے۔
تازہ ترین