راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ہر اس کام کی سخت باز پرس کی جائے گی جس کا براہ راست اثر عوام یا محکمہ پولیس پر ہو گا۔ آپ کو جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس کو بہترین اور بھرپور انداز میں پورا کریں۔ پولیس کانسٹیبل پوری ریاست کا نمائندہ ہوتا ہے‘ اس کا رویہ ایک مثالی پولیس افسر کی طرح ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے پولیس لائن راولپنڈی میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دربار میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا، چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل، ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کے علاوہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس، ٹریفک وارڈنز سمیت افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ آر پی او نے کہا کہ آپ اپنا کام محنت اور ذمہ داری سے سرانجام دیں۔ بدھ کا دن 10سے 12بجے تک مختص کیا گیا ہے تاکہ درپیش مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔ آرپی او نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی پولیس‘ ڈولفن اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نقد انعام و تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے اور پودا بھی لگایا۔