• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’مولانا پہلی بار اقتدار سے باہر ہو کر مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں‘‘

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ مولانا فضل الرحمان پہلی بار اقتدار سے باہر ہونے کا درد محسوس کر رہے ہیں، مولانا اقتدار سے باہر ہوکر مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کو پتہ ہے کہ صورت حال بہتر ہونے کے بعد اس کا چورن نہیں بکے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی نومولودوں کا سیاسی بیانیہ ان کی اپنی جماعتیں مسترد کر چکی ہیں، الفاظ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی سانسیں اکھڑی ہوئی ہیں، وہ بڑھکیں مار کر آکسیجن تلاش کر رہی ہے، اسے بھی موقع ملنا چاہیے۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں کی پیدا کردہ مشکلات ختم کرنے کے لیے حکومت کوشش کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان میں دو نہیں ایک نظام تعلیم چاہتے ہیں، دیہاتی علاقوں میں بھی تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں حکومت کو زیاہ چیلنجز درپیش ہیں، حکومت اسکول سے باہر 2 کروڑ بچوں کو اسکول لانے کی کوشش میں ہے، روایتی تعلیم فیل ہو چکی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنگیں اب سرحدوں پر نہیں لڑی جاتیں، ٹیکنالوجی جنگ جیتنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، نئے پاکستان میں نوجوانوں کا بہت اہم کردار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی لانے کا مؤثر ہتھیار صرف اور صرف تعلیم ہے، جب تک ذاتی مفاد سے باہر نہیں نکلیں گے ملکی مفاد کی جھلک آپ میں نظر نہیں آئے گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ دوست ممالک پاکستان کو معاشی چیلنج سے نکالنے کے لیے سپورٹ کر رہے ہیں، آئین اور قانون کی بالا دستی یقینی بنانا حکومت کا کام ہے۔

تازہ ترین