• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے پاکستان ٹیم کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے اور اسے آخری تینوں میچوں میں واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ہے۔ منگل کو دن بھر بارش کے بعد میچ میں ٹاس اہمیت اختیار کر گیا ہے۔


ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو اس وقت بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان سے اوپر ہیں لیکن اگر پاکستان بقیہ تینوں میچ جیت جائے تو وہ براہ راست سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لے گا اور پھر نیٹ رن ریٹ پاکستان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کے خلاف بری طرح ہارے، اس کے بعد ٹیم پر بہت تنقید ہوئی جو زیادہ تر جائز تھی، ہم نے غلطیاں کیں، لہٰذا ہم اس کے مستحق تھے لیکن ہم نے اس تنقید کو مثبت لیا۔ ہم نے غلطیوں کے بارے میں سوچا اور یہ عہد کیا کہ انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔ اگر ہم آخری چار میچز میں اپنی اہلیت کے مطابق کھیلیں تو جیت سکتے ہیں اور اسی مثبت سوچ کے ساتھ لارڈز پہنچے۔

نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ میں زبردست کارکردگی دکھائی ہے۔ اس نے چھ میں سے پانچ میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے، ایک میچ بارش سے متاثر ہوا تھا۔

پاکستان نے سات میں سے دو میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف جیتے ہیں جبکہ سری لنکا کا میچ بارش سے منسوخ ہوگیا تھا۔

نیوزی لینڈ اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے اس کے بولر چھائے ہوئے ہیں جبکہ بیٹنگ میں کین ولیم سن نمایاں ہیں۔ کین ولین سن پانچ میچوں میں373رنز دو سنچریوں کی مدد سے بنا چکے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 148رنز ہے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 232رنز بنا کر نمایاں ہیں۔

2015کے ورلڈ کپ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے گیارہ میچوں میں پاکستان ایک میچ جیت سکا ہے، جبکہ ورلڈ کپ میں پاکستان نے چھ اور نیوزی لینڈ نے دو میچ جیتے ہیں۔

گذشتہ سال متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر ہوئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ میں ڈیڑھ سال قبل ہونے والی سیریز میں پاکستان کو تمام میچوں میں شکست ہوئی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 106ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوئے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے 54 اور پاکستان نے 48 میچ جیتے ہیں ایک میچ ٹائی ہوا۔

بر منگھم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہیں کیوں کہ بدھ کو خوشگوار موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

منگل کودن بھر شدید بارش ہوئی۔ بر منگھم میں صبح سویرے شروع ہونے والی بارش میں شدت آگئی ہے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایجبسٹن گراؤنڈ کے انڈور اسکول میں پریکٹس کی۔ بارش کے باعث گراؤنڈ میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

تازہ ترین