نیوزی لینڈ کے آل راونڈر مچل سینٹنر کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسی ٹیم جو کہ کبھی بھی کچھ بھی کرسکتی ہے، کیخلاف میچ کی تیاری کرنا نہایت ہی مشکل ہوتا ہے ۔
ایجبسٹن میں پری میچ پریس کانفرنس میں کیوی آل راونڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی بھی صورت آسان حریف نہیں لیا جاسکتا، کیوی کرکٹرز کو اندازہ ہے کہ پاکستان ایک خطرناک حریف ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پاکستان کا ریکارڈ کافی اچھا ہے، دو سال قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے برطانیہ میں چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل جیتا تھا، اس ورلڈ کپ میں بھی اس نے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کو شکست دی۔
پاکستان ٹیم کسی بھی ٹیم کو کسی بھی روز پچھاڑ سکتی ہے اس لئے نیوزی لینڈ کو یہ سوچ کر میدان میں اترنا ہوگا کہ میچ میں پاکستان سب سے مشکل ٹیم ہے۔ سینٹنر نے پاکستان ٹیم کے بولنگ اٹیک کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے پاس سیم اور اسپن کے اچھے بولرز ہیں اس لئے نیوزی لینڈ کو پاکستان کی بولنگ کیخلاف محتاط رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان حالیہ دنوں میں کافی مقابلے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو پاکستان ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کا انداز ہ ہے۔ عامر ان دنوں خوب فارم میں ہیں، وہاب بھی اچھی بولنگ کررہے ہیں ، پاکستان کا بولنگ اٹیک کافی اچھا ہے ایسے میں نیوزی لینڈ کو بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔