وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ تارکین وطن کشمیری مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے دیار غیر میں اپنی محنت کے بل بوتے پر نام بنایا اور ریاست کی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار راجہ فاروق حیدر خان نے پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس امریکہ کے صدر عابد ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عابد ملک نے اس موقع پر وزیر اعظم کو دورہ امریکہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیری اپنے جائز حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی نہیں ہے، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی فورمز پر ہندوستان کے پروپیگنڈے کا توڑ کرنا ہے۔
راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت اور ہائیڈرل کو ترقی دیکر ریاستی آمدن میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ رواں سال سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ سیاحوں کی سہولت کے لئے خصوصی ٹورازم فورس اور اسمارٹ کارڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر اپنے قدرتی حسن کی بدولت سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ جو باہر ہیں آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں ان کو حکومت سہولیات فراہم کرے گی۔
عابد ملک نے اپنے دورے کے دوران صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے بھی ملاقات کی اور اوورسیز کشمیریوں کے مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔