• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم اور مسیحی کمیونٹیز کا تہواروں کی خوشیاں ایک ساتھ مناناخوش آئند ہے، رابرٹ چلٹن

مانچسٹر(خورشید حمید)پریس کلب آف پاکستان یو کے، کے زیر اہتمام ایک عید ملن اور ایسٹر پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت سیمسن جاوید نے کی، جبکہ مہمانان خصوصی میئر اولڈ ٹریفورڈ کونسلر رابرٹ چلٹن اور پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر کی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فضہ نیازی تھیں پروگرام میں نظامت کے فرائض مقدسہ بانو اور میاں محمد اعظم نے سر انجام دیئے۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئےمیئر اولڈٹریفورڈ کونسلر رابرٹ چلٹن نے کہا کہ انہیں یہ مسرت ہے کہ مسیحی اور مسلمان کمیونٹیوں کے تہواروں کی خوشی ایک ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ اس سے بھی زیادہ خوشی اس بات پرہے کہ یہ اس شہر میں منائی جا رہی ہے جس کا میں میئر ہوں۔ برطانیہ ایک کثیر القومیتی معاشرے ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہاں کی کمیونٹیاں ایک دوسرے کے قریب آئیں۔پریس کلب آف پاکستان یوکے نے یہ قدم اٹھا کر ایک احسن راستہ فراہم کیا ہے۔ مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ پریس کلب قبل ازیں بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کروا چکا ہے - میں کھلے دل سے انہیں دعوت دیتا ہوں کہ میرے شہر میں ایسا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ہرمثبت کوشش کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج محبوب الٰہی بٹ کی کتاب ”پہلا پتھر“ کی تقریب رونمائی بھی ہے- افسوس کہ میں اردو نہیں پڑھ سکتا لیکن یقیناً ایک اچھے رائٹر نے اچھی چیز ہی لکھی ہوگی میں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مہمان خصوصی فضہ نیازی نے کہا کہ پریس کلب کے ارکان اس کوشش پر تحسین کے مستحق ہے جو انہوں نے مختلف کمیونٹیوں کو اکٹھا رکھنے کے لئے کی ہے- پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں اور برطانیہ میں پاکستان کی مختلف کمیونٹیوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں پریس کلب کی کوششیں تابناک ہیں- انہوں نے کہا کہ ہم بھی اس بات کو دیکھ رہے کہ پاکستان کی ثقافت کو برطانیہ میں روشناس کروانے کے لئے پریس کلب کا بہت سا حصہ ہے- انہوں نے ” پہلا پتھر “ کو سراہتے ہوئے کہا کہ محبوب بٹ کی تحریریں دلوں کو چھونے والی ہوتی ہیں اور یہ کتاب لکھ کر انہوں نے ویسٹ اور ایسٹ کاایک حسین امتزاج پیش کیا ہے- سیمسن جاوید نے پہلا پتھر پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے اردو ادب میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیا- فادرفلک شیر نے بتایا کہ ہمارے مسلمان بھائیوں نے اس تہوار پر ہمیں دعوت دے کر ایک احسن قدم اٹھایا ہے- ہمیں چاہئے کہ ایک دوسرے کے تہواروں میں جوش و خروش سے شرکت کریں- جب عید میلاد النبیﷺ کا جلوس نکلتا ہے تو ہم بھی ہمیشہ اس میں شرکت کرتے ہیں- ایسا کرنے سے باہمی ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے- غلام رسول شہزاد او بی ای نے سورۂ مریم کا خلاصہ پیش کیا اورواضح کیا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں مسیحی کو بھی وہی حقوق حاصل تھے جو مسلمان کو تھے- پاکستان کی پہلی آٹھ رکنی کابینہ میں تین وزراء غیر مسلم تھے- اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قائد اعظم ؒ کس طرح کا پاکستان چاہتے تھے- سہیل حیدر سہوترا نے واضح کیا کہ ”پہلاپتھر“ کانام خداوند یسوع مسیح کی تعلیمات سے متاثر ہو کر رکھا گیا کہ مسیح کا قول تھا کہ”گناہگار کو پہلاپتھر وہ مارے جس نے خود گناہ نہ کیا ہو -“ اس موقع پر لیاقت علی عہد نے ایک خوبصورت ملی نظم بھی پڑھی جس کو بہت سراہا گیا- بعد ازاں ایک محفل موسیقی منعقد ہوئی جس میں محبوب الٰہی بٹ، تنویر ملک، شمشادگل،سلیم گل، انور شاد، الفریڈ ڈینئل اور ریاض گل نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا- اس موقع پر علامہ عظیم جی نے خصوصی دعا کروائی اور استاد صفدر نے تمام مہمانوں کے لئے ایک کیک کا اہتمام کیا -

تازہ ترین