• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کے لئے گیس کم سے کم 25اور زیادہ سے زیادہ 200فیصد جبکہ کمرشل صارفین کیلئے 31فیصد مہنگی کرنے کی تجویز پر مشتمل سمری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کردی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا ۔ سمری کے مطابق ماہانہ 100یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے گیس 50فیصد، 200یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے 75فیصد، 300یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے 100فیصد جبکہ 400سے زائد یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے گیس 200فیصد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ منظوری کے بعد ماہانہ 285روپے بل ادا کرنے والے صارفین کا گیس بل 137روپے اضافے کے بعد 422روپے، 572روپے ماہانہ ادا کرنے والے صارفین کا بل 647روپے اضافے کیساتھ 1219روپے، 2305بل ادا کرنے والوں کا اضافے کے بعد 4900روپے، 3579 روپے کا بل 4406روپے کے اضافے کے ساتھ 7995 روپے ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت گیس کے نرخوں میں پہلے ہی 143فیصد تک اضافہ کر چکی ہے۔ جب سے تحریک انصاف بر سرِ اقتدار آئی ہے، مہنگائی کو جیسے پر لگ گئے ہیں۔ گیس کی قیمت کے اثرات سے بھی کوئی طبقہ بچ نہیں پائے گا۔ اِن حالات میں جبکہ روز افزوں مہنگائی نے تنخواہ دار طبقے کی کمر توڑ دی ہے پچیس، تیس ہزار روپے ماہوار کمانے والے ستر اسی فیصد تنخواہ دار صارف مکان کا کرایہ، بجلی، پانی، گیس کے بلوں کی ادائیگی کے بعد کیونکر گرانی کا سامنا کر سکیں گے۔ یہ صورت حال انتہائی تشویشناک اور حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔حالات کا تقاضا ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے غریب عوام کو مزید زیر بار نہ کیا جائے، گیس کے نرخ بڑھانے کے بجائے صنعت، تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں ہونے والے نقصانات کی تلافی انہی شعبوں سے کی جائے۔


اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین