• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت دستاویزی بنائے بغیر ملک قرض سے نہیں نکل سکتا، ماہراقتصادیات

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پراظہار خیال کرتے ہوئے ماہر اقتصادیات اور وزیراعظم مشاورتی کونسل کے رکن عابد سلہری نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں کوئی ٹیکس دینا نہیں چاہتا اس کی ایک وجہ اعتماد کا فقدان اوردوسری وجہ قانون کی عمل داری نہ ہوناہے حکومت چاہتی ہے کہ معیشت دستاویزات میں آئے اس کے بغیر ملک قرضوں سے نہیں نکل سکتا معیشت کی بہتری میں چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی اہم کردار ادا کر رہے ہیں انہیں تمام لوپ ہولزکا علم ہے اگر عوام کا یہ شکوہ ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنا مشکل کام ہے تو شبرزیدی اس کا نوٹس لیں اور اسے آسان بنائیں۔ رہنما مسلم لیگ ن محمدزبیر ،رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ،ماہر عائلی قوانین راحیمہ خان بھی شریک گفتگو تھے۔قوال حمزہ اکرم برادرز نے بھی شرکت کی جبکہ پاپ موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن کو 10ویں برسی پر ٹرائبیوٹ پیش کیا گیا۔ محمد زبیر نے کہا کہ اپوزیشن نے میثاق معیشت کی جو پیشکش کی ہے اس کے ساتھ شرائط بھی ہیں ایسا نہیں ہوسکتا کہ حزب اختلاف معیشت کو پٹڑی پر لانے کی کوشش کرتی رہے اور وزیراعظم کہتے رہیں کہ ہم این آر او نہیں دیں گے ایسی صورتحال میں حکومت کی کوئی معاونت نہیں کرسکتے، حکومت بجٹ پر نظرثانی کرے 1500ارب کے نئے ٹیکسز مہنگائی کا بوجھ بڑھائیں گے ایسی صورتحال میں حکومت سے کیسے تعاون کیا جاسکتا ہے ۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ میثاق معیشت کی پیشکش پر قائم ہیں ،آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے پہلے بھی معیشت کی بہتری کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس وقت حکومت نے اسے سنجیدہ نہیں لیا ۔بجٹ پر اپوزیشن کے جو تحفظات ہیں انہیں دور کیا جائے۔
تازہ ترین