• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نندی پور ریفرنس، تحریک انصاف کے بابر اعوان بری، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف کی درخوست مسترد

اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل،نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر نندی پور پاور پراجیکٹ اسکینڈل کیس سے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان اورسابق سیکرٹری قانون جسٹس (ر) ریاض کیانی کو بری کردیا جبکہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق کنسلٹنٹ شمائلہ محمود اور سابق جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر ریاض محمود کی بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے نیب کو ملزمان کیخلاف شہادتیں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں گزشتہ روز نندی پور پاور پراجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی جس میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے بابر اعوان اورجسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی درخواستِ بریت منظور کرلی جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کردی گئی۔احتساب عدالت میں بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف، ریاض کیانی، شمائلہ محمود اور ڈاکٹر ریاض محمود نے بریت کی درخواستیں دائر کررکھی تھیں ۔دوسری جانب بابر اعوان کی رہائی کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں ٹیلی فون کیا اور کیس میں بری ہونے پر مبارک باد پیش کی۔

تازہ ترین