• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ میں انگلینڈکا آسٹریلیا سے ہارنا پاکستان کیلئے اچھی خبر،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، انگلینڈ ورلڈکپ میں آسٹریلیا سے ہار گیا ہے، انگلینڈ اگلے دو میچوں میں بھی ہار جاتا ہے اور پاکستان اگلے تمام میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، انگلینڈ اگلے دو میچوں میں سے ایک جیت جائے ایک ہار جائے اور پاکستان اپنے تینوں میچز جیت جائے تب بھی پاکستان پہنچ جائے گا، انگلینڈ اگر دونوں میچز ہار جائے تو پاکستان کے پاس ایک میچ ہارنے کی گنجائش ہے لیکن بہتر ہے کہ وہ شکست بنگلہ دیش سے نہ ہو۔سابق اسٹار بیٹسمین محمد یوسف نے کہا کہ لارڈز جیسی وکٹ مل گئی تو پاکستان آسانی سے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ جیت جائے گا،سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں وننگ کمبی نیشن کو نہیں توڑنا چاہئے۔سابق اسٹار بیٹسمین محمد یوسف نے کہا کہ انگلینڈ کو آسٹریلیا کیخلاف میچ میں آسٹریلوی ٹیم، آسٹریلین قوم اور پاکستانی قوم سے کھیلنا پڑا، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستان کا انحصار انگلینڈ کی کارکردگی پر ہے، انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا سے میچ ہارنے کے بعد دباؤ میں آگئی ہے جو پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان ٹیم کی بیٹنگ ہمارے لیے مسئلہ ہے، ورلڈکپ میں ٹیمیں اپنے باؤلرز کی وجہ سے میچ جیت رہی ہیں۔ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوزی لینڈ کیخلاف جس گراؤنڈ پر میچ کھیل رہی ہے یہاں گیند ٹرن اور سلو ہوتی ہے اور بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ ہوتی ہے، کل پچ کا جو رویہ ہوگا اس پر میچ کے نتیجے کا انحصار ہوگا، وکٹ میں اگر سیم یا باؤنس ہوا تو پاکستان کو مشکل ہوسکتی ہے، لارڈز جیسی وکٹ مل گئی تو پاکستان آسانی سے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ جیت جائے گا۔سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، ہم قسمت پر انحصار کریں گے تو دوسری ٹیم پر دباؤ نہیں بناسکیں گے، ورلڈکپ میں ہمیشہ میزبان ٹیم دباؤ میں ہوتی ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں وننگ کمبی نیشن کو نہیں توڑنا چاہئے۔  

تازہ ترین