• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

40ہزار کے غیر رجسٹرڈپرائز بانڈز کی فروخت پر پابندی عائد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 40ہزار روپے کے غیر رجسٹرڈپرائز بانڈز کی فروخت فوری روکنے کی ہدایت جاری کر دی اسٹیٹ بینک کی طرف سے تمام بینکوں کے نام جاری سرکلر میں کہا گیاکہ 40ہزارروپے کے پرانے پرائز بانڈز 31 مارچ 2020 کے بعد نہ کیش ہونگے اور نہ ہی رجسٹرڈ ہونگے، پرانے پرائز بانڈز کی اب کوئی قرعہ اندازی بھی نہیں ہوگی اور نہ ہی31مارچ 2020کے بعد انہیں کیش کرایا جاسکے گا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق چالیس ہزارروپے کے پرانے پرائز بانڈز کو چالیس ہزارروپے کے رجسٹرڈ پریمیم پرائزبانڈ میں تبدیل کیا جاسکے گا، اسی طرح بانڈ ہولڈرز پرانے چالیس ہزار روپے کے پرائز بانڈزکو قومی بچت سرٹیفکیٹ یا ڈیفنس بچت سرٹیفکیٹ میں تبدیل کراسکیں گے۔مرکزی بینک کے ہدایت نامے کے مطابق 31 مارچ 2020 تک بانڈز صارفین اسٹیٹ بنک کے 16 اور چھ کمرشل بینکو ں سے چالیس ہزارروپے کے بانڈز کو پریمیم پرائز بانڈز میں رجسٹرڈ کراسکیں گے،اس کے علاوہ 40 ہزار روپے کے بیئرر پرائز بانڈ رکھنے والوں کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ اس کے بدلے میں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس یا اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس، اسٹیٹ بنک آف پاکستان، کمرشل بنکوں کی مجاز برانچز یا مراکز قومی بچت سے حاصل کرسکتے ہیں۔اسٹیٹ بینک کی طرف سے کہا گیا کہ اگر بانڈ فوری کیش کرانا ہو تو فارم بھر کے بانڈز کے مالک کے اکائونٹ میں رقم منتقل کی جاسکے گی۔
تازہ ترین