• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارتکاری کی گنجائش ختم ہوگئی، ایران، وائٹ ہاؤس ذہنی بیمار ہے، روحانی، بیان احمقانہ اور تضحیک آمیز ہے، ٹرمپ

واشنگٹن /تہران (جنگ نیوز/ایجنسیاں)ایران نے امریکہ کی جانب سے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ حکام پر عائد کی جانے والی سفری پابندیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان پابندیوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارت کاری کا راستہ بند ہو گیا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی بے صبر حکومت اس بین الاقوامی انتظام کو تباہ کرنے کے درپے ہے جو عالمی امن اور سلامتی برقرار رکھنے کا ضامن ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے مابین حالیہ کشیدگی کے دوران واشنگٹن کے خلیجی ممالک سے رابطوں میں تیزی آئی ہے اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ابوظبی کے ولی عہد سے ملاقات کی ہے،تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے حالیہ امریکی پابندیوں پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ جھوٹ بول رہا ہے کہ وہ مذاکرات چاہتا ہے۔حسن روحانی نے صدر ٹرمپ کی پالیسی کو جنجھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کو ʼذہنی بیمار کہا۔ایرانی صدر نے کہا کہ رہبرِ اعلیٰ کے خلاف پابندیاں بے کار ثابت ہوں گی۔ انھوں نے خبردار کیا کہ جو لوگ ان کے وزیر خارجہ کو نشانہ بنا رہے ہیں وہ سفارت کاری کا راستہ بند کر رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان کو احمقانہ اور تضحیک آمیز قرار دیا ہے ۔ادھر امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ابو ظبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے خطۂ خلیج میں سلامتی کی صورت حال اور ایران کے خطرے سے نمٹنے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

تازہ ترین