• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء میں پاکستان نے ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بابر اعظم نے شاندار سنچری بنائی، حارث سہیل 68 اور حفیظ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔ پاکستان نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان اُس وقت اٹھانا پڑا جب فخرزمان 9 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر گپٹل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کیوی بولرز کو دوسری وکٹ کے لئے بھی زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا، جب اسکور 44 رنز پر پہنچا تو امام الحق فرگوسن کی شارٹ پچ گیند پر گپٹل کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین محمد حفیظ اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 66 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا تاہم جب مجموعی اسکور 110 پر پہنچا تو محمد حفیظ 32 رنز بناکر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

بابر اعظم کا ساتھ دینے حارث سہیل میدان میں اُترے اور دونوں بیٹسمینوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔

اس دوران بابر اعظم نے ناصرف سنچری اسکور کی بلکہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے تین ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

حالیہ ورلڈ کپ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی یہ پہلی سنچری ہے۔

حارث سہیل نے بھی اُن کا بھرپور ساتھ دیا، وہ 68 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بابر اعظم 101 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر اُنہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ 92ء کے ورلڈ کپ میں رمیز راجا کی سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس جیت کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور بنگلادیش کے 7، 7 پوائنٹس ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کے باعث بنگلادیش پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

پاکستان اپنااگلا میچ 29 جون کو ہیڈنگلے لیڈز میں افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔

نیوزی لینڈ کا 238 رنز کا ہدف

اس سے قبل نیشام اور گرینڈہوم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لئے 238 رنز کا ہدف دیا۔

ایک موقع پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم صرف 83 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی لیکن نیشام اور گرینڈہوم نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 132 رنز بناکر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

نیشام نے 97 اور گرینڈہوم نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد عامر نے میچ کے دوسرے اور اپنے پہلے ہی اوور میں مارٹن گپٹل کو کلین بولڈ کیا، وہ صرف 5 رنز بناسکے۔

کولن منرو کو 12 رنز پر شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی، راس ٹیلر صرف 3 رنز بناسکے، ٹیلر کو سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کی گیند پر شاندار کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

نئے آنے والے بیٹسمین لیتھم بھی پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور 14 گیندوں پر صرف ایک رن بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔

مشکل صورتحال میں کپتان ولیمسن اور نیشام نے نہ صرف وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا بلکہ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 37 رنز بناکر اسکور 83 تک پہنچادیا۔

اس موقع پر شاداب خان نے ولیمسن کو 41 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

نیشام اور گرینڈہوم نے پاکستانی بولرز کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 132 رنز جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔

گرینڈہوم 64 کے اسکور پر مشکل رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ نیشام نے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یوں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین