ایجبسٹن برمنگھم میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح کے ساتھ ہی برمنگھم میں بھرپور جشن منایا جارہا ہے۔
ایجبسٹن اور اطراف کی سڑکوں پر پاکستانی نوجوان دیوانہ وار رقص کررہے ہیں اور عید کا سماں دکھائی دے رہا ہے۔کاروں میں ملی نغمے گونج رہے ہیں۔گاڑیوں بسوں اور پیدل چلتے ہوئے نوجوان پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص کررہے ہیں۔
ہزاروں پاکستانی ،پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگاتے ہوئے گھر روانہ ہوئے۔
اس سے قبل میچ کے دوران تمام دن پاکستانیوں نے میچ کو بھرپور انجوائے کیا اور سخت سردی کے باوجود ان کا جذبہ کم نہ ہوسکا۔24ہزار تماشائیوں والے ایجبسٹن گراونڈ سے تمام دن تماشائیوں نے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کیا۔
ہر طرف پاکستانی پر چم دکھائی دے رہے تھے۔گرین شرٹس میں ملبوس تماشائی برمنگھم کے علاوہ برطانیہ کے دوسرے شہروں اور دنیا کے مختلف ملکوں سے میچ دیکھنے آئے تھے۔جیت کے ساتھ ہی اسٹیڈیم بابر بابر کے نعروں سے گونجتا رہا۔