• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 کرکٹ ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی شاندار اننگز کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی  فتوحات کا سلسلہ روک دیا اور ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کی دوڑ میں مزید آگے بڑھ گیا ہے۔

بابر اعظم نے دسویں ون ڈے سنچری 124گیندوں پر مکمل کی جس میں گیارہ چوکے شامل تھے۔نوجوان شاہین شاہ آفریدی کے طوفانی اسپیل اور مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کی پراعتماد اننگز کی بدولت پاکستان نے ٹورنامنٹ کے لگاتار پانچ میچ جیتنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کو چھ وکٹ سے شکست دے دی۔

سرفراز احمد نے چوکا مارکر وننگ اسٹروک کھیلا۔ورلڈ کپ میں پاکستان کے سات میچوں کے بعد سات پوائنٹس ہوگئے ہیں۔حارث سہیل68رنز 76گیندوں پر بناکر رن آوٹ ہوئے۔

انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ 147گیندوں پر126رنز کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔پاکستان کو ہفتے کو افغانستان اور اس کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلنا ہیں۔

 انگلینڈ کو بھارت اورنیوزی لینڈ کے خلاف دو میچ کھیلنا ہیں اور انگلینڈ کو کم ازکم ایک میچ ہارکر پاکستان کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔پاکستان نے جنوبی افریقا کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی۔

ورلڈ کپ میں پاکستان نےاب تک سات میچ کھیلے ہیں، تین جیتے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا، اس طرح پاکستان کے سات پوائنٹس ہیں۔اس شکست کے بعد نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لئے ایک میچ اور جیتنا ہے۔اسے آسٹریلیا اور انگلینڈ سے بقیہ دو میچ کھیلنا ہیں۔

تازہ ترین