• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سب انسپکٹرز سمیت 5پولیس اہلکاروں کے وارنٹ،گرفتار کر کے کل پیش کرنیکا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے حکم عدولی پر 2 سب انسپکٹرز سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے کل پیش کرنے کا حکم دیا ہے، تھانہ ممتاز آباد کے سب انسپکٹروں ملازم حسین، محمود،ہیڈ کانسٹیبلوں محمد شاہد، نذر حسین کانسٹیبل افتخار کے وارنٹ جاری کئے گئے، فاضل عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں و پریشان کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی کو ہراساں نہ کرنے اورآئینی حدود میں رہنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں عذرا بی بی نے درخواست دائر کی تھی ، سیشن عدالت نے فراڈ کے ملزم وقاص کی عبوری ضمانت میں پولیس تھانہ چہلیک سے 2 جولائی کو جواب طلب کرلیا ہے، سیشن عدالت نے جامعہ زکریا کی طالبہ( م) زیادتی کیس میں استغاثہ کی گواہ و تفتیشی آفیسر انعم سلیم کے پیش نہ ہونے اور مرکزی ملزم علی پر جرح کے لئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی ہے، اس ضمن میں گزشتہ روز مقدمہ کی سماعت پر ضمانت پر رہا ملزم علی ، عثمان ، نشاط ، تنزیل ، اور اجمل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عثمان قاسم کی جانب سے بیماری کے باعث حاضری سے استثناء کی درخواست جمع کرائی گئی جو کہ منظور کرلی گئی،،عدالت انسداد دہشتگردی نے رستم ملتان اچھی پہلوان اور شہری جعفر حسین کے قتل کے کیس میں سماعت ملتوی کردی ،ملزمان عبوری ضمانتوں کی سماعت کے لئے عدالت انسداد دہشتگردی میں پیش ہوئے،فاضل عدالت میں قتل کے وقت ریکارڈ کی گئی سی سی ٹی وی کیمرہ کی ویڈیو پیش کر دی گئی ہیں، جس پر عدالت نے ویڈیو فرانزک بھجوانے اور مقدمہ میں ملوث 11 ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی ہے، جج اینٹی کرپشن نے پانی کی وارہ بندی کی جعلی دستاویزات تیارکرنے کے مقدمے میں ملوث ملزم ساجد علی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تھانہ اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا ، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 نے کالعدم تنظیم کیلئے غیرقانونی طور پر چندہ اکٹھا کرنے کے ملزم غلام اکبرکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے منشیات کے ملزم عارف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے ،بجلی چوری کے ملزم بشیر کو ایک سال کے لیے پروبیشن پر بھجوانے جبکہ ملتان کی مہوش بی بی کی درخواست پر اسے دارالامان سے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔سیشن کورٹ نے امانت میں خیانت کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس پی کمپلینٹ سیل سے 29 جون کو جواب طلب کرلیا ہے، عدالت میں عامر شہزاد نے درخواست دائر کی تھی۔
تازہ ترین