• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ توسیع

لاہور کی احتساب عدالت میں خواجہ برادران خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے خواجہ برادران کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی اور انہیں 11 جولائی کو پیش کرنے کا حکم  دے  دیا۔

عدالت میں آج خواجہ برادران کے کیس کے متعلق ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کی گئیں، خواجہ سلمان رفیق کو کیمپ جیل سے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے کے بعد پیش کیا گیا۔

خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے تھے۔

خواجہ سعد رفیق کے عدالت میں پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کی درخواست جمع کروائی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق خواجہ برادران پر پیراگون سٹی کرپشن میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔

احتساب عدالت لاہورکے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کل کی آل پارٹیز کانفرنس میں بہت سے فیصلے کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کے نام سے عمران نیازی کو بڑی چڑ ہے، سلیکٹڈ وزیر اعظم 5 سال اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے یہ بھی کہا کہ ڈالر کو پر لگ چکے ہیں، مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، چند دنوں تک آئی ایم ایف کا اجلاس ہو گا، جس میں مہنگائی کے سونامی کے بارے میں فیصلے کیے جائیں گے۔

تازہ ترین