• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بابر اعظم نے بتادیا کہ وہ دنیا کا بہترین بیٹسمین ہے‘ وسیم اکرم

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان ٹیم نے کھیل کے تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم نے کھیل کے آغاز سے ہی محتاط انداز اپنایا ہوا تھا۔


جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ صبح سے ہی پلیئرز مطمئن، پر اعتماد اور خوش لگ رہے تھے، پاکستان ٹیم ٹاس ہاری لیکن ہمت نہیں ہاری، عامر نے آتے ہی وکٹ لی اور پھر شاہین نے کمال کا اسپیل کیا، شاہین نے بھرپور انداز میں اپنا اسپیل کیا اور شاندار واپسی کی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی نئے گیند سے وکٹ لینے والا بولر ہے، اس کوتسلسل سے کھلانا چاہیے کیوں کہ وہ اگلے دس، پندرہ سال پاکستان کیلئے کھیل سکتا ہے۔

وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی وکٹ کیپنگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سرفراز نے شاندار کیچز پکڑ کر فیلڈنگ میں جان ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ جب نیوزی لینڈ نے 237 رنز بنائے تو وہ کچھ گھبرا گئے کیوں کہ پاکستان کا چیز کے وقت ریکارڈ اچھا نہیں لیکن پاکستان نے شاندار بیٹنگ کی، بابر اعظم نے آج دنیا کو بتادیا کہ وہ دنیا کا بہترین بیٹسمین ہے، حارث سہیل نے بھی تحمل سے بیٹنگ کی۔

سابق کپتان نے کہا کہ حارث سہیل تھوڑ افزیکلی فٹ ہوجائے تو پھر وہ ورلڈ کلا س بیٹسمینوں میں آسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد چھوٹی غلطیاں چھپ جاتی ہیں لیکن فخر زمان کو بھی دیکھنا ہوگا کہ کس گیند کو ہٹ کرے اور کس گیند کو جانے دیں۔

حفیظ جیسا سینئر پلیئر اگر پارٹ ٹائمر کو ایک ہی اوور میں چھکے مارنے لگ جائے تو نقصان ہوتا ہے جیسا کہ میچ میں ہوا، وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں اب پاکستان کے چانسز بنتے نظر آرہے ہیں لیکن اس کو اگلے دونوں میچز جیتنا ضروری ہے، افغانستان اور بنگلہ دیش کو آسان حریف نہیں سمجھا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کیلئے مسائل ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ برمنگھم میں پاکستانیوں کا جشن دیکھ کر لگ رہا تھا کہ وہ پاکستان کے کسی شہر میں ہیں۔

تازہ ترین