• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اسلام آباد میں ماسٹر پلان کی خلاف ورزی بہت زیادہ ہے‘‘

جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزی بہت زیادہ ہے، ماسٹر پلان پر نظر ثانی ہو تو ممکن ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کا کچھ حصہ ریگولرائز ہوجائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی جس میں سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے رپورٹس عدالت میں جمع کروائی گئیں۔

اس موقع پر ڈی جی ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی اے زوننگ ریگولیشنز میں ترمیم کیلئے ممکنہ طور پر کل فیصلہ ہو جائے گا، کچی آبادی، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی منتقلی کے حوالے سے بھی فیصلے کیے جائیں گے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ایم سی آئی اپریل سے سی ڈی اے کو چٹھیاں لکھ رہی ہے مگر کوئی جواب نہیں دیا جا رہا، چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کو پیش ہوکر جواب دینا چاہیےکہ اگر سائیٹس کا انتخاب ہوگیا ہے تو ایم سی آئی کے حوالے کر دیں ، ان کا کہنا تھا کہ زیر زمین سیوریج لائنوں کا کام بھی جلد مکمل ہونا چاہئے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت میں بتایا کہ کورنگ نالے میں مری سے آنیوالی گندگی کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹس لگا رہے ہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نالوں میں گندگی روکنے کے لیے سزا اور جرمانے کے علاوہ اور بھی کام کرنے کی ضرورت ہے، لوگوں کو شعور دینے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں۔

اس کے  بعد عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔

تازہ ترین