• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال۱:۔ کیا مسجد میں معذور افراد کے لیے کرسیوں کابندوبست کرنا نیز ہر نماز سے پہلے صف کے دونوں کناروں پر معذورین کے لیے مسجد کے خادمین سے کرسیاں لگوانا، مسجد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے؟

۲۔اگر مسجد انتظامیہ کرسیوں کا بندوبست کرتی بھی ہے تو کیا یہ بہتر ہے کہ کرسیاں صفوں کے اطراف میں لگوادی جائیں یا مسجد کے کسی مخصوص گوشے میں رکھ دی جائیں اور ضرورت مند حسبِ ضرورت وہاں سے اٹھالیا کریں؟

۳۔کس قسم کی کرسی پر نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے؟ (ابومحمد،کراچی)

جواب (۱)انتظامیہ کو چاہیے کو وہ ایسا انتظام کرے کہ تندرست اورمعذور ہر قسم کے نمازیوں کے لیے نماز کی ادائیگی ممکن ہو ۔معذورافراد کے لیے نماز کی ادائیگی اس وقت ممکن ہوگی ،جب انہیں کرسیاں میسر ہوں ،کیونکہ کرسی ان کے لیے سہولت نہیں ، بلکہ ضرورت ہوتی ہے اور اگر وہ خود سے کرسی کا انتظام کریں تو اس میں بہت مشقت ہے اور ہر نماز کے لیے شاید کرسی لانا اور لے جانا ان کے لیے ممکن بھی نہ ہو۔

(۲)اگر کرسیاں پہلے سے صف کے کناروں پر لگی ہوئی ہوں تو اس میں معذور افراد کو سہولت بھی رہتی ہے اور اس سے انتظامیہ کا حسن انتظام بھی جھلکتا ہے، لیکن اس میں اندیشہ رہتا ہے کہ اگر معذور افراد نہ آئیں تو صف خالی رہ جائے گی،اس لیے عام طور پر جتنے معذورین جماعت میں شریک ہوا کرتےہوں، ان کے لیے اطراف میں کرسیاں ہوں اورکچھ مسجد کے کسی گوشے میں رکھی ہوں، جن کو ضرورت مند حسب ضرورت اٹھا لیا کریں۔

(۳) مسجد میں ایسی کرسی بہتر ہے، جو ہلکی پھلکی ہو، زیادہ جگہ نہ گھیرتی ہو، آرام دہ ہو اور مسجد کے دیگر آلات کے معیار کی ہو۔

تازہ ترین