• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدم برداشت کی بڑی وجہ مساوات کا نہ ہونا ہے، ڈاکٹر وسیم قاضی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اقرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا ہےکہ ہمارا معاشرہ عدم برداشت کا شکار ہے جس کا حل تلاش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ عدم برداشت کی جو سب سے بڑی وجہ نظر آتی ہے وہ عدم مساوات ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم معاشرے میں عدم مساوات کو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ہماری جامعات لسانیت کے بجائے ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دیں ۔ہم اختلاف رائے کو قبول نہیں کرتے، تاریخ گواہ ہے کہ وہ معاشرے ترقی کرتے ہیں جن میں اختلاف رائے کا احترام کیا جاتا ہے اور برداشت کا کلچر مضبوط ہے ۔ بہترین طریقہ جامعات میں طلبہ سوسائیٹیز کو فروغ دینا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نےوائس چانسلرز کمیٹی اور جامعات کے نمائندگان کے اعزاز میں دئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی،وائس چانسلرز کمیٹی کے سربراہ اور وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،جامعہ سندھ کے ڈاکٹر فتح محمد برفت،آئی بی اے کے سربراہ ڈاکٹر فرخ اقبال ، ڈاکٹر اختر بلوچ،ڈاکٹر پروین منشی، ڈاکٹر شبیب الحسن،ڈاکٹر عرفان حیدر،ڈاکٹر منظور خالدی،ڈاکٹر خاور سعید جمالی، ڈاکٹر بھوانی شنکر ،ڈاکٹر محمد مختار،ڈاکٹر عابد اظہر ، ڈاکٹر کامران رضا اور ڈاکٹر عرفان حمید بھی موجود تھے۔اس موقع پر مشترکہ امور جن میں حالیہ بجٹ میں ہائرایجوکیشن کمیشن کی فنڈنگ میں کٹوتی،طلبہ سوسائیٹیز اور دیگر تعلیمی اشتراک شامل تھے زیر بحث آئے۔ڈاکٹر وسیم قاضی نے مزید کہا کہ جامعات میں مکالمے کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ جامعات پر ہی معاشرے کی تربیت کی ذمہ داری ہے۔
تازہ ترین