• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضیاء الدین یونیورسٹی بورڈ کے تحت امتحانات میں 32130 امیدوار شریک

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضیاء الدین یونیورسٹی تعلیمی بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ ضیاء الدین یونیورسٹی تعلیمی بورڈ سے الحاق شدہ156 اسکولز اور کالجز کے 32130 امیدوار نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضیاء الدین یونیورسٹی تعلیمی بورڈ کے تحت جاری گیارہویں جماعت کے امتحانات کے دوران میڈیا کے ساتھ امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ پروفیسر انوار احمد زئی کا کہنا تھا کہ بورڈ کے تحت نویں جماعت کے امتحانات کا انعقاد ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں گیارہویں جماعت کے امتحانات لیے جارہے ہیں جو 7 جولائی تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ امتحانات کے لئے شہر بھر میں 13علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز کے دورے کے دوران بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی کا کہنا تھا کہ پرچہ جات کی تیاری سینئر اساتذہ کی معاونت سے کی گئی ہے اور پرچہ کی تیاری میں اس بات کا بھی خیال رکھا گیا ہے کہ مکمل نصاب کا احاطہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانی عمل مکمل ہونے کے بعد مرکزی سطح پر امتحانی کاپیوں کی جانچ کا عمل شروع کردیا جائے گا جبکہ نتائج کا اجراء اگست کے وسط میں ہوگا۔ضیاء الدین یونیورسٹی بورڈ مقدار کی نسبت معیار پر توجہ رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔

تازہ ترین